پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اس کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، معاشی بحران نے ملک کو بری طرح جکڑ رکھا ہے، ملک کے خلاف بیرونی سازشیں عروج پر ہیں۔ فرقہ وارریت اور صوبائی عصبیت بڑھ رہی ہے۔ بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کا قتل عام، سرحد میں روحانی شخصیات کا مسلسل قتل عام اور مزارات کو شہید کرنے کے واقعات اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا جا رہا ہے بعض بیرونی طاقتوں کی سازشوں سے ملک پاکستان کو دہشت گردوں کی محفوظ جنت اور پناہ گاہ ثابت کیا جارہا ہے۔ وہ گزشتہ روز کینیڈا سے تحریک کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں جس انداز سے پاکستانی طلبہ کو دہشت گردی کے شبے میں گرفتار کیا گیا اور اس کی میڈیا پر تشہیر کی گئی وہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔ یہ سارے حالات پاکستان کی سالمیت کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستانی قوم بالخصوص سیاسی و مذہبی رہنماؤں اوردانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مل بیٹھ کر اس عالمی سازش کا تفصیلی جائزہ لیں اور اس سے مقابلہ کرنے کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس موجودہ وقت کی قومی قیادت کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top