منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام محافل میلاد مصطفیٰ (ص)

ربیع الاول شریف کی آمد کے ساتھ ہی عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عید میلاد منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ جاتی ہیں۔ خاص طور پر دیار غیر میں رہنے والے عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو بڑی شدت سے اس مبارک ماہ کی آمد کا انتظار کرتے ہیں اور پورا ماہ مبارک اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی محفلیں سجاتے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈیزیو کے زیراہتمام ایک عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈیزیو تنظیم نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پورے ماہ محافل میلاد کا انعقاد کیا۔ اس سال منہاج القرآن ویمن لیگ اٹلی کی تنظیمات محافل کرانے میں بازی لے گئیں۔ چاند رات کی محفل کے انعقاد کی سعادت محمد اشرف (راقم) کو حاصل ہوئی، جبکہ مرکز ی محفل میلاد 11 ربیع الاول 8 مارچ 2009ء بروز اتوار بعد از نماز ظہر Missionari Saveriani کے ھال میں منعقد کی گئی اس محفل کی صدارت صدر یورپین کونسل سید محمد ارشد نے کی۔ مہمان خصوصی ناظم منہاج القرآن یورپین کونسل علامہ محمد اقبال اعظم تھے اس کے علاوہ سٹیج پر Loris Ermarcora بھی موجود تھے جنہوں نے خصوصی طور پر اس محفل میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت فیض احمد قادری نے حاصل کی جبکہ منہاج سسٹرز نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔

منہاج سسٹرز کی صدر کشف الرحمٰن نے آج کی تقریب کی مناسبت سے نوجوانوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں اٹالین زبان میں گفتگو کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کرنے والوں میں حافظ محمد سہیل، فیض احمد قادری، حیدر علی، بلال حسین، جمال حسین، ملک محمد اصغر اور آزاد احمد بٹ شامل تھے۔ علامہ حافظ اقبال اعظم نے خصوصی خطاب کیا جو پون گھنٹہ جاری رہا، آپ نے انسانیت پر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احسانات کے موضوع پر مدلل دلائل سے خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں درود و سلام پڑھا گیا جس کے بعد حافظ خالد محمود کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی اور کھانا پیش کیا گیا۔ اس طرح یہ شاندار خوبصورت اور عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اختتام پذیر ہوئی جس کی خوبصورت یادیں ان شاء اللہ شرکاء کے دلوں میں آئندہ سال تک تازہ رہیں گی۔

رپورٹ : محمد اشرف (اٹلی)
مرتب : میاں اشتیاق (امور خارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top