علامہ شمس الزماں علم و اخلاص کا سمندر تھے، ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

شیخ الفقہ محمد شمس الزماں قادری رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریب

شیخ الفقہ حضرت ابو البلال محمد شمس الزماں قادری رحمۃ اللہ علیہ سابق صوبائی امیر منہاج القرآن علماء کونسل کے سالانہ عرس کی تقریب زیر صدارت ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس پاکستان ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر طریقت خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ شیخ الفقہ رحمۃ اللہ علیہ اس دنیا میں نہیں لیکن آج بھی وہ اپنی شاگرد علماء کرام اور مدارس کے ذریعے دین اسلام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی محبت و امن کا درس دیا اسی لیے انہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ انہوں نے موت و زندگی کے فلسفہ پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ موت عارضی ہے جبکہ زندگی کو دوام حاصل ہے اور اولیاء و صلحا ء کی موت کے بعد دائمی و ابدی زندگی کا آغاز ہوجاتاہے۔ مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات دہشت گردی و انتہاء پسندی نہیں بلکہ امن، محبت پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء و صلحاء نے ہمیشہ جہاد بالنفس کے مدارج طے کرکے پیار و محبت کو معاشرے کی ثقافت بنادیا اور دین اسلام کے سائے تلے پوری انسانیت کو جمع کرنے میں مصروف عمل رہے۔ علامہ مفتی صدیق ہزاروی شیخ الحدیث جامعہ ہجویریہ نے کہا کہ علامہ شمس الزمان علم و اخلاص کا سمندر تھے ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ علامہ محمد میر آصف اکبر ناظم علماء کونسل پنجاب نے کہا کہ علامہ ابو البدر نے تعلیم و تربیت کی ایسی بنیاد رکھی جہاں سے آج ہزاروں افراد اکتساب فیض لیکر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ علامہ پروفیسر عبدالرؤف قریشی نے کہا کہ آپ دین اسلام کے ایک سر گرم اور متحرک کارکن تھے۔ ڈاکٹر سرفراز نعیمی نے کہا کہ آج اتحاد و اتفاق اور اخلاص سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے تعلیمی اداروں کی بنیادیں قائم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے ہمیشہ علم کے نور کا دامن تھاما اور کامیابیو ں نے ان کے قدم چومے۔ برسی کی پروقار تقریب میں علامہ امام بخش سیالوی، علامہ قاری محمد حفیظ نقشبندی، قاری محمد جعفر شمسی، پروفیسر راؤ ارتضیٰ حسین اشرفی، محمد جاوید اقبال انجم، مفتی محمد کریم خان، مفتی علی احمد سندھیلوی، علامہ محمد نواز کوکب، علامہ ممتاز حسین کوکب، علامہ ممتاز حسین صدیقی، علامہ محمد شریف القادری، علامہ مفتی محمد زمان ایازی اور صاحبزاد ہ قمر الزماں قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top