ملک کو کمزور کرنے کیلئے لسانیت، صوبائیت اور مذہبی فرقہ بندی کا زہر پھیلایا جا رہا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 08 مئی 2009ء

پاکستان کا بہترین دماغ ملکی پالیسیاں بنانے میں شامل نہیں جو بڑا المیہ ہے۔
قبائلی روایات کو شریعت سمجھنے والے فرائض کو تار تار کر رہے ہیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے خلاف بیرونی سازشیں عروج پر ہیں اور داخلی طور پر ملک کو کمزور کرنے کیلئے لسانیت، صوبائیت اور مذہبی فرقہ بندی کا زہر پھیلایا جارہا ہے جو ملک کی سالمیت کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلی روایات کو شریعت سمجھنے والے فرائض کو تار تار کر رہے ہیں اور ان کے عمل سے پوری دنیا میں اسلام جیسا پرامن اور قیامت تک قابل عمل رہنے والا دین بدنام ہو رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ’’قومی سلامتی کو لاحق خطرات اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے خطے میں نمایاں مقام دلاتی ہے مگر پاکستان کی پالیسیاں اسے علاقائی طور پر مضبوط بنانے کی بجائے کمزور اور دنیامیں تنہا کررہی ہیں جسکی وجہ پاکستان میں حقیقی قیادت کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بہترین دماغ ملکی پالیسیاں بنانے میں شامل نہیں جو بڑا المیہ ہے۔ جب تک غلامانہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا پاکستان کی سالمیت کو خطرات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج، بیورو کریسی، عدلیہ، پارلیمنٹ اور میڈیا ایسے ادارے ہیں جو اپنی ذمہ داریوں کو پہچان کر انہیں صحیح طور پر ادا کریں تو چند سالوں میں پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما ساجد بھٹی نے کہا کہ بھارت اور چین جیسے مضبوط ملکوں کی خطے میں موجودگی تقاضہ کرتی ہے کہ پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط اور مستحکم ہو۔ پاکستان کی سالمیت کو لاحق خطرات قیادت کے فقدان کے باعث ہیں۔ عوام اپنی ذمہ داریوں کو پہچان لیں تو ملک کو حقیقی قیادت میسر آسکتی ہے۔ سیمینار سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top