منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 08 مئی 2009ء

ملک بھر کی تنظیمات کو فوری طور پر امدادی کیمپ لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں
تحفظ پاکستان کیلئے کل علماء و مشائخ کنونشن ہوگا جید علماء و مشائخ شرکت کریں گے
CWC کے ہنگامی اجلاس کے بعد ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پریس بریفنگ

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے 10 لاکھ افراد کی مدد کیلئے پورے ملک کی تنظیمات کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام فوری طور پر امدادی کیمپ لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان کیلئے کل (اتوار) علماء و مشائخ کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ جس میں ملک بھر سے جید علماء و مشائخ شرکت کریں گے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں CWC کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، ساجد محمود بھٹی، شاہد لطیف قادری اور ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ملک بھر کی تنظیمات متاثرین کی بحالی اور مدد کیلئے فنڈز اکٹھا کریں گی۔ اشیائے خورد و نوش، خیموں اور ادویات کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جائے گی۔ پریس بریفنگ سے قبل متاثرین کی مدد کیلئے تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں ملک اور بیرون ملک تنظیمات کو فوری ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ CWC کے اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن میں ابتر ترین حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ اپنے ہی ملک میں مہاجرین بننے والے لاکھوں افراد ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اپنے عمل سے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے والوں نے معصوم شہریوں پر زمین تنگ کر دی ہے اور دس لاکھ سے زائد افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کردیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کیلئے پوری دنیا میں اپنی تنظیمات کے ذریعے فنڈ اکٹھا کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top