حضور (ص) نے اپنی حیات طیبہ میں تعلیم اور شعور کے فروغ کو جتنی اہمیت دی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 12 مئی 2009ء

آج ہم اپنی زندگیوں میں برکت اور حقیقی خوشی دیکھنا چاہتے ہیں تو علم نافع کے حصول کو اپنا مقصد بنانا ہوگا
علم نافع دنیا سے بے رغبتی پیدا کرتا ہے اور یہ بندے کو ہر لمحہ جنت کے قریب اور دوزخ سے دور کرتا ہے
ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اجتماع سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کا 41 واں ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس موقع پر بتایا کہ ماہ اپریل میں گوشہ درود و حلقہ ہائے درود میں پڑھے جانے والے درود شریف کی تعداد 44 کروڑ 95 لاکھ 77 ہزار سات سو تینتالیس اور تقریبا 3 سالوں میں اب تک کل پڑ ھا جانے والا درود پاک 8 ارب سے متجاوز ہے۔ اجتماع سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اترنے والی پہلی وحی پڑھنے اور لکھنے کے حکم پر قائم ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں تعلیم اور شعور کے فروغ کو جتنی اہمیت دی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ فدیہ دینے کی طاقت نہ رکھنے والے غزوہ بدر کے قیدیوں کو دس بچوں کو لکھنے پڑھنے کے قابل بنانے کے عوض رہائی دینا علم کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے علم کے کلچر کو فروغ دیا۔ آج فروغ علم کو دعوت و تربیت کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے۔ علم نافع سینے میں نور پیدا کرکے اللہ کی معرفت پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم نافع دنیا سے بے رغبتی پیدا کرتا ہے اور یہ بندے کو ہر لمحہ جنت کے قریب اور دوزخ سے دور کرتا ہے اس لیے ایسے علم کو حاصل کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس نے حصول علم اور فروغ علم میں مقصد دنیا کو رکھا وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں کرلے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی زندگیوں میں برکت اور حقیقی خوشی دیکھنا چاہتے ہیں تو علم نافع کے حصول کو اپنا مقصد بنانا ہوگا اسی سے شعور و آگہی کے ان گنت راستے کھلیں گے اور امت مسلمہ کا زوال عروج میں بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم کے فروغ کی تحریک ہے اور اس کی مقصد پاکستانی قوم کو دنیا میں زندہ باوقار اور باحمیت و باغیرت قوم کی حیثیت سے منوانا ہے اور جدوجہد کا یہ سفر علم و آگہی کے فروغ کے بغیر اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکتا۔ اس لیے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان علم نافع کے حصول اور اس کے فروغ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top