بہاولنگر میں منہاج ماڈل سکول کی انگلش میڈیم برانچ کا افتتاح

مورخہ: 22 مئی 2009ء

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام بہاولنگر میں منہاج ماڈل سکول کی انگلش میڈیم نے کام شروع کر دیا ہے۔ اس سکول کا افتتاح منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر شاہد لطیف نے 22 مئی 2009ء کو کیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شاہد لطیف نے خوبصورت ربن کاٹ کر سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس خوبصورت تقریب کا اہتمام ضلع بہاولنگر کی معروف ماہر تعلیم اور منہاج ماڈل سکول کی چیئرپرسن محترمہ بشریٰ ربانی نے کیا۔ سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اقبال ڈوگر اور گورنمنٹ پوسٹ ڈگری کالج برائے خواتین بہاولنگر کی لیکچرار مس شہناز باجوہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ بہاونگر کے اسسٹنٹ اٹارنی اسلم جاوید بھٹی، بہاولنگر کی A.E.O محترمہ عابدہ عمر اور مس رضیہ سلطانہ کے علاوہ حاجی غلام مصطفیٰ بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب میں سکول کے معزز اساتذہ کرام کے علاوہ بچوں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ اس کے بعد کالج کی چئیرپرسن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا انہوں نے بتایا کہ منہاج ماڈل سکول کی انگلش میڈیم برانچ کو الفاطمہ کیمپس کا نام دیا گیا ہے اور یہاں پلے گروپ سے او لیول تک بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منہاج ماڈل سکول کے پلیٹ فارم سے معیاری اور سستی تعلیم عام کر رہے ہیں۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر شاہد لطیف قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایم ای ایس کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں سیکڑوں تعلیمی ادارے چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تمام تعلیمی ادارے اور سکولز شعور کی بیداری کے مقصد کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قوم میں علمی شعور بیدار کر رہے ہیں اور یہ سکول بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ماڈل سکول کی اس انگلش میڈیم برانچ میں طلباء کو معیاری اور سستی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے جہاں معاشرے کا ہر طبقہ اپنے بچوں کو بآسانی پڑھا سکتا ہے۔

افتتاحی تقریب کے بعد شاہد لطیف قادری نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا۔ وہ پلے گروپ اور نرسری کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ انہوں نے بچوں سے ان کی فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کے متعلق بھی پوچھا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ پلے گروپ اور نرسری کلاس کے بچوں کے لیے کلاس رومز میں خصوصی طور پر کلر فل کلاس رومز بنائے گئے ہیں جہاں طلباء کی تعلیمی ضرورت کے پیش نظر پلاسٹک کا فرنیچر، بھالو، مٹی سے بنے برتن، کھلونے، ٹیبل اور کھیل ہی کھیل میں تعلیم دینے والی دیگر اشیاء بھی یہاں موجود ہیں۔ مختلف کلاس رومز میں بچوں کے ہاتھ کی بنائی گئیں خوبصورت ڈرائنگز بھی سجائی گئی ہیں۔ شاہد لطیف نے ان خوبصورت ڈرائنگز کو گہری دل چسپی سے دیکھا اور کالج انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اس وزٹ کے اختتام پر شاہد لطیف قادری نے کالج انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں بہترین سکول کے قیام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top