ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان

مورخہ: 13 جون 2009ء

ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کی مذہبی، ملی و قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
تحریک منہا ج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کی مذہبی، ملی و قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اُن کی علمی، تحقیقی اور دینی خدمات کو بھی ملت اسلامیہ خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہا ج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی امیر تحریک فیض الرحمان درانی نے کی۔ سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر فرد ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کے پسماندگان، جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ و طلباء اور بالخصوص ان کے جانشین پروفیسر راغب نعیمی کے دکھ اورغم میں برابر شریک ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب ناظم اعلی نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے پاکستان سمیت 90سے زائد ممالک میں قائم اسلامک سنٹرز کے تمام مراکز، سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں قرآن خوانی بھی کی جائے گی اور شہید کی وطن عزیز کی تعمیر، ترقی، استحکام و ملت اسلامیہ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اندرون ملک و بیرون ممالک تعزیتی ریفرنسز بھی منعقد کرے جائیں گئے۔

اجلاس میں پرفیسر راغب نعیمی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ انکے والد امن کے داعی تھے اور اتحاد امہ کے لیے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا مولانا شہید کے جانشین، عقیدت مند اور چاہنے والے ان کے مشن کو جاری رکھیں۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اہم مذہبی، سیاسی اورسماجی شخصیات کی سیکورٹی اور حفاظت کے لیے فول پروف انتظام کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ناخوش گوار واقع پیش نہ آئے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی شہید کے لیے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمان درانی نے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top