شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا برطانیہ میں استقبال

مورخہ: 24 جون 2009ء

بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی امن و اتحاد کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر MQI برطانیہ کے عہدیداران داؤد حسین مشہدی کوارڈینیٹر DFA ، الشیخ ابو احمد الشیرازی، علامہ محمد صادق قریشی، حاجی عبدالغفور، اشتیاق احمد قادری، نوید احمد قادری، ڈاکٹر زاہد اقبال، شاہد مرسلین، حاجی غالب اور دیگر راہنماوں نے اپنے محبو ب قائد کا والہانہ و شاندار استقبال کیا۔

24جون بروز بدھ ہیتھرو ائرپورٹ لندن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم استحکام پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں اور سازشی عناصر کاقلع قمع کرنے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ آپ نے کہا کہ دہشت گردی اور اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اسلام کی ترجمانی کرنے والے ایسے عناصر دین و قوم کے دشمن ہیں اور مفتی سرفراز احمد نعیمی کی شہادت فرقہ پرستی کی جانب ایک بڑی سازش کا پہلا قدم تھا جسے پاکستانی عوام اور اہل علم طبقہ نے فہم و فراست کے ساتھ ناکام بنا دیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحدی علاقوں میں فوجی آپریشن جلد از جلد مکمل کر کے بےگھر ہونے والے مکینوں کی بحالی کا فوری انتظام کرے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ سرحد اور بلوچستان کے عوام کی شکایات کا ازالہ کیاجائے اور انہیں تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیئے جائیں۔ آپ لندن میں منعقد ہونے والی امن و اتحاد کانفرنس میں خصوصی خطاب فرمائیں گے۔

رپورٹ: آفتاب بیگ(سیکرٹری میڈیاMQIبرطانیہ)
مرتب: میاں محمد اشتیاق(سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top