ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب
تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے باہمی اشتراک سے ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب 13 جولائی 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ناظم دعوت میاں عبدالقادر، ٹریننگ ورکشاپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ علوی، سینئر نائب ناظم دعوت حافظ سعید رضا بغدادی، قمر جاوید ملک، منہاج علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ محمد حسین، ناظم مہمات و اجتماعات جواد حامد، ساجد محمود بھٹی اور دیگر مرکزی قائدین تحریک نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پیش کی گئی۔
امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن تمام علوم کا منبع ہے۔ قرآن مجید کے بغیر امت مسلمہ کا نشاۃ ثانیہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات نے مسلمانوں کو عروج عطا کیا اور ہم نے قرآنی تعلیمات کو بھلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی عروج و زوال کا مدار قرآنی تعلیمات میں مضمرہے اور تدریس کے لیے کردار کی پاکیزگی ضروری ہے۔ معلم کو کردار و عمل میں نمونہ ہونا چاہیے۔
افتتاحی تقریب سے سعید رضا بغدادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الاماشاءاللہ امت مسلمہ نے قرآن مجید سے راہنمائی اور ہدایت لینا چھوڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن نے قرآنی تعلیمات کو عام کرنے کے مشن کا بیڑا اٹھایا ہے۔ قرآن فہمی کی یہ تحریک ملک بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن فہمی کی اس مہم کی کامیابی کا سہرا ان افراد کے پاس ہے جو اس ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔ آخر میں انہوں نے ورکشاپ کے تمام شرکاء کو خوش آمدید بھی کہا۔
ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام کو نئی نسل کی فکری تربیت کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے فکری نظریاتی تربیت سے قوموں کے کردار کی راہیں متعین ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی تعمیرمیں اساتذہ کرام کا کردار مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے کہ قوم کو اس کی منزل سے آشنا کریں۔ تحریک منہاج القرآن اپنے تعلیمی نظام کے ذریعے قوم کے اجتماعی شعور کو بلند کر رہی ہے۔
ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مرتضی علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریس خالصتاً عبادت ہے ا ور اس کامقصد رضائے الہی ہونا چاہیے۔ اگر آج کا معلم اپنی جد وجہد کا مقصد رضائے الہی کو بنا لے تو ایسی قوم تیار کی جاسکتی ہے جو پوری امت کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی نظام سے وابستہ ہر معلم رضائے الہی کو اپنا مقصد بناتا ہے۔ قمر جاوید ملک نے ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن روایتی اور غیر روایتی دونوں طریقوں سے فروغ علم کے لیے کو شاں ہے۔ ملک بھر میں شہر شہر عرفان القرآن کورسز کے ذریعے تحریک منہاج القرآن عوامی سطح پر تعلیم اور شعور کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
میاں عبدالقادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرفان القرآن کورسز کے ذریعے قرآن اور صاحب قرآن سے رشتہ مضبوط ہوگا اگر امت قرآن سے اپنا ٹوٹا ہو ا تعلق بحال کرئے تو امت کی نشاۃ الثانیہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ امت کے مسائل کا حل صرف اور صرف قرآن کے عطا کردہ نظام میں ہے۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ