دہشت گردی، خود کش دھماکے، مہنگائی، بجلی کا بحران، جیسے سنگین مسائل حکومت کیلئے چیلنج ہیں : فیض الرحمن درانی
حکومت ہو یا اپوزیشن پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری ہر ایک کا مقصود ہونا چاہیے۔
آج ہر محب وطن پاکستانی ملکی سلامتی اور خود مختاری کے حوالے سے فکر مند ہے۔
صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمن درانی کی صوبہ سندھ سے آئے وفد سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ عالم اسلام اس وقت جرات مند قیادت سے محروم ہے اور پوری اسلامی دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرستی، ہوس اقتدار، بدکرداری اور بزدلی کی وجہ سے بیشتراسلامی سربراہان اسلام دشمن قوتوں سے مرعوب یا ان کے زیر اثر ہیں اور ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی ہمت سے محروم ہیں۔ وہ صوبہ سندھ سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں دوران ملاقات گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہے اور اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتیں ہمیشہ سے اس عظیم سلطنت کو غیر مستحکم دیکھنے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم موجودہ حکومت اور حکومتی حلیفوں سے ملک میں سیاسی استحکام چاہتی ہے۔ تاکہ ملکی مسائل حل ہوں، ملک میں امن و امان قائم ہو اور خارجی و داخلی امور بہتر انداز میں طے کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔ امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال، دہشت گردی، بم دھماکے، خود کش دھماکے، روپے کی قدر میں کمی، اشیائے خورد و نوش کی قلت، مہنگائی، بجلی کا بحران، زرعی اور صنعتی بحران جیسے سنگین مسائل نئی حکومت کیلئے چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت ہو یا اپوزیشن، پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری ہر ایک کا مقصود ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بیرونی دباؤ اور اندرونی خلفشار و مسائل سے نبرد آزما ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر محب وطن پاکستانی ملکی سلامتی اور خود مختاری کے حوالے سے فکر مند ہے۔
تبصرہ