منہاج یونیورسٹی لاہور نے بی اے کے نتائج کا اعلان کر دیا
منہاج یونیورسٹی لاہور (چارٹر) کے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات حافظ زاہد یوسف نے بی اے کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ حافظ زاہد یوسف نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحمدہ تعالی بخوشی اعلان کرتے ہیں کہ منہاج یونیورسٹی میں بی۔ اے کے رزلٹ کا کامیابی کا تناسب 76 فیصد رہا ہے اور یہ سب اساتذہ کی محنت شاقہ، شفقت اور طلبہ کی پڑھائی میں لگن اور دلچسپی کے سبب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بالترتیب نبیلہ کوثر اور محمد علیم افضل نے 594 نمبر لے کر یونیورسٹی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح غلام عائشہ نے 581 نمبر لے کر دوسری اور ثمینہ لیاقت نے 580 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ بی اے کے رزلٹ کو منہاج یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.mul.edu.pk پر دیکھا جا سکتا ہے۔ حافظ زاہد یوسف نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے درمیان نمبروں کے حصول کا مقابلہ بڑا سخت رہا اور یقینا چاروں طلبہ و طالبات نے خوب محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ اسی لیے قائد اعظم محمد علی جناح نے حصول پاکستان کی جدوجہد میں طلبہ کو تحریک پاکستان کا ہر اول دستہ قرار دیا تھا۔ منہاج یونیورسٹی کے تمام اساتذہ کی جانب سے میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ ہونہار طلبہ آئندہ اور زیادہ محنت شاقہ کے ذریعے عظیم کامیابیوں کے لیے کوشاں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ اس امتحان میں کامیاب نہ ہو سکے وہ مایوس نہ ہوں بلکہ وہ مزید یکسوئی اور خوب محنت کریں۔ یقینا انکی دن رات کی محنت رنگ لائے گی اور ان شاء اللہ آئندہ نتائج میں کامیابی ان کا مقدر ہو گی۔
تبصرہ