پاکستانی بزنس مین تجارت کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں : شیخ زاہد فیاض

فرانس، انگلینڈ اور دیگر یورپین ممالک میں مقیم ہزاروں پاکستانی بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور پاکستان چیمبر آف کامرس پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں خصوصی توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے لاہور میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تاجروں کے وفد کو بتایا کہ ملک کو اس وقت شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ جن کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی میں ترقی عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے تاجروں کے وفد کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک سائنس و جدید ٹیکنالوجی کا انفراسٹریکچر قائم کرنے والوں کی بھرپور مدد کرتے ہیں۔ میں حکومت پاکستان کو تجویز پیش کرتا ہوں کہ وہ ترقی یافتہ ممالک کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرنے کے لیے نجی شعبے سے تعاون اور عملی مدد کے لیے فوری طور پر کوئی آسان لائحہ عمل ترتیب دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کے شعبے میں بھی کمی محسوس ہوتی ہے۔ میں پاکستانی بزنس مینوں کو مشورہ دوں گا کہ وہ تجارت کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس سے پاکستانی کمپنیوں کی تکنیکی صلاحیتیں بکھر جائیں گی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں فعال ہونے کے لیے تکنیکی اور پیداواری صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ ہوگا۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبوں میں بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔ لیکن تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے بے بہرہ ہونے کی وجہ سے اب تک کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔ اس موقع پر تحریک منہا ج القرآن پنجاب کے امیراحمد نواز انجم بھی موجود تھے۔ احمد نواز انجم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور پیداواری صلاحتیں بڑھانے کے لیے جامع اور عملی پالیساں مرتب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بعد ازاں تاجروں کے وفد نے منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود سے ملاقات کی اور انہیں متاثرین کی شاندار خدمات انجام پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے وفد کو MWF کے فلاحی منصوبے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے آغوش کی نئی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ جس پر وفد نے منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے جاری فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات میں گہر ی دلچسپی لیتے ہوئے اپنے بھر پور عملی تعاون کا یقین دلایا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top