تحریک منہاج القرآن کی عربی ویب سائٹ کا افتتاح

منہاج القرآن انٹرنیشنل نے انگریزی اور اردو کے بعد عربی زبان میں بھی مرکزی ویب سائٹ جاری کر دی ہے۔ www.Minhaj.org/arabic کے ایڈریس سے لانچ ہونے والی عربی ویب سائٹ کا افتتاح شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دورہ یورپ کے دوران میں کیا۔ ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب 18 جولائی 2009ء کو اٹلی میں منہاج القرآن یورپین کونسل کے تربیتی کیمپ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے ویب سائٹ کے مرکزی صفحہ پر کلک کر کے افتتاح کیا۔

منہاج انٹرنیٹ بیورو کے فاصلاتی رکن اور منہاج یورپین کونسل کے سیکرٹری میڈیا نوید احمد اندلسی نے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری اور دیگر قائدین کو منہاج القرآن کی عربی ویب سائٹ کا مختصر تعارف کرایا۔ یہاں شیخ الاسلام کو بتایا گیا کہ اس نئی ویب سائٹ کے لیے تمام اخراجات منہاج یورپین کونسل کے نائب صدر محمد نعیم چودھری نے ادا کئے ہیں۔ شیخ الاسلام نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی اس نئی کاوش کو پسند کرتے ہوئے اس میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مبارک باد پیش کی۔ شیخ الاسلام نے ویب سائٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس میں مزید بہتری کے لیے ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر ہال میں موجود سیکڑوں افراد نے بھی عربی ویب سائٹ کو پروجیکٹر سکرین پر دیکھا اور تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

عربی ویب سائٹ کو لانچ کرنے کا مقصد منہاج القرآن انٹرنیشنل کا پیغام امن و محبت دیگر ممالک کی طرح عرب دنیا میں بھی عام کرنا ہے۔ اس ویب سائٹ پر تحریک منہاج القرآن کی تازہ سرگرمیاں، نیوز اپ ڈیٹ، تحریک کی پرنٹ میڈیا کوریج، کے علاوہ درج ذیل لنک موجود ہیں۔

  • الصفحۃ الرئیسۃ
  • القرآن الکريم
  • الحديث النبوی
  • شيخ الاسلام
  • منظمۃ منہاج القرآن
  • الأخبار الماضیۃ
  • التغطیۃ الصحفیۃ
  • مصنفات شيخ الاسلام
  • خطبات شيخ الاسلام
  • اتصل بنا

اس عربی ویب سائٹ کی خاص بات اس کے سرورق پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عربی کتب کی اشاعت ہے۔ اس کے ساتھ گوشہ درود کی آن لائن ممبر شپ کا ربط بھی موجود ہے۔ منظمہ منہاج القرآن العالمیہ کے نام سے جاری ہونے والی اس عربی ویب سائٹ کا لنک www.Minhaj.org/arabic تحریک منہاج القرآن کی انگلش اور اردو ویب سائٹس پر نمایاں طور پر موجود ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top