منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام استحکام پاکستان ریلی

مورخہ: 11 اگست 2009ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 11 اگست 2009ء کو استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز مسجد شہداء سے ہوا۔ ریلی میں سیکڑوں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ بچوں نے پاکستانی جھنڈے اور جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں جن پر "میری پہچان پاکستان" کے نعرے درج تھے اور بچوں نے اپنے ماتھوں پر پاکستانی پرچم کے رنگ کے ربنز لگا رکھے تھے۔ بچوں نے مختلف مقامات پر ملی نغمے پڑھے اور پاکستان زندہ باد کے پر جوش انداز میں نعرے لگائے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی نے مال روڈ پر استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کرکے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان ایک دوسرے کا احترام کریں، سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے یہی ہماری طاقت ہے، اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہونا چاہیے، اسلام اور پاکستانی قانون بھی کسی کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے ہمیں اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔

مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اور استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور عوام مل کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے دنیا میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اسلام کے حقیقی تصور کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کڑے احتساب کی ضرورت ہے اگر ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہو جائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑے افسوس سے کہ رہی ہوں کہ پاکستان میں خواتین کو زندہ جلانے کے واقعات ہو رہے ہیں۔ پولیس اور حکومت مجرموں کو سزا دینے کے لیے بے بس دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت اور حقوق عطا کیے ہیں، ہم خواتین کے حقوق پامال کررہے ہیں۔

ریلی سے لاہور ویمن لیگ کی صدر عائشہ شبیر، انیلہ ڈوگر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کا اختتام پنجاب اسمبلی کے سامنے ہوا۔ آخر پر پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top