متحدہ عرب امارات میں جشن آزادی کی تقریب

مورخہ: 14 اگست 2009ء

 

14 اگست 2009ء کو بسلسلہ یوم پاکستان سرکاری پرچم کشائی کی تقریب پاکستانی سفارت خانہ ابوظہبی (متحدہ عرب امارات) میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی احباب نے بھرپور شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ابوظہبی کی طرف سے چار رکنی وفد، محمد طفیل فل پاور، علامہ محمد محسن کھوکھر، جمیل بٹ اور محمد رضا راجہ نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز صبح آٹھ بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان خورشیداحمد جونیجو صاحب نے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کو اس تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد دی، اور ان کے سامنے سفارت خانے کی کارکردگی پیش کی۔ مزید برآں انہوں نے اپنے خطاب میں لوگوں کو بتایا کہ ہمارے لیڈر کس طرح اس کٹھن وقت میں حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کو لئے منزل کی طرف رواں دواں ہیں اور اس ضرورت پر زور دیا کہ ہم حالات کی سنگینی کا اندازہ کرتے ہوئے ہر وہ عمل کریں کہ جس سے ہمارے ملک کا وقار بلند ہو۔

اس کے بعد ملی نغمے سنائے گئے جن کو سن کر حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔ آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔ دعا کیلئے منہاج انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مایۂ ناز سکالر علامہ محمد محسن کھوکھر کو مدعو کیا گیا۔ علامہ محسن کھوکھر نے اپنے مخصوص اور نہایت پُراثر انداز میں اپنے پیارے وطن پاکستان کے استحکام، ترقی، سلامتی، دشمنوں سے بچاؤ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے دعا فرمائی۔ سفارت خانہ کی طرف سے تمام مہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ کا بندوبست کیا گیا تھا۔

رپورٹ : رضا راجہ (ابوظہبی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top