حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ خواتین اسلام کے لیے مشعل راہ ہے : قرۃ العین فاطمہ

آپ رضی اللہ عنہا مالدار ہونے کے باوجود عبادت گزار، اصول پسند اور مصائب و آلام میں ثابت قدم رہنے والی خاتون تھیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی یوم وفات کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادی قرۃ العین فاطمہ نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ خواتین اسلام کے لیے مشعل راہ ہے۔ وہ عرب کی بہت بڑی تاجر اور دولت مند خاتون تھیں۔ انہوں نے اپنا سارا مال اسلام اور امت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے وقف کر دیا۔ آپ رضی اللہ عنہا نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر ہر مصیبت اور قربانی کو خندہ پیشانی سے قبول کیا۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی یوم وفات کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا مالدار ہونے کے باوجود عبادت گزار، اصول پسند اور مصائب و آلام میں ثابت قدم رہنے والی خاتون تھیں۔ وہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اس وقت ایمان لائی جب کوئی بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے کو تیار نہیں تھا۔ انہوں نے اپنا تمام مال تاجدار کائنات حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدموں میں ڈھیر کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کفار حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ستاتے تو آپ رضی اللہ عنہا ہمیشہ تاجدار کائنات کو حوصلہ دیتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا اعلیٰ اخلاق و کردار کی مالک تھی اسی لیے آپ رضی اللہ عنہا طاہرہ کے لقب سے بھی مشہور تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی کو پاکیزہ اور کامیابی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سیرت حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا سے روشنی حاصل کرنا ہو گی کیونکہ ان کی سیرت مبارکہ زندگی کے ہر شعبہ میں ہماری راہنمائی کے لیے بہترین ماڈل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی ہمہ پہلو کامیاب زندگی قوم کی ماؤں اور بیٹیوں کے لیے روشنی کا مینارہ ہے۔ حضرت خدیجۃ الکبریٰ ایماندار، دیانت دار، سخی اور بہادر خاتون تھیں۔ انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زندگی کے ہر کٹھن موقع پر بڑی دلیری، جانفشانی، جرات اور حکمت سے ساتھ نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ صرف حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے بطن سے حضور اکرم (ص) کی نسل آگے چلی۔ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی وفات کے بعد جب بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ان کی یاد آتی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آبدیدہ ہو جایا کرتے تھے۔ ان کی دین اسلام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد کیا کرتے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا کرتے تھے۔ تقریب سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی، مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، مرکزی ناظمہ تربیت انیلہ ڈوگر و دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top