شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین کیلئے انتظامات کا جائزہ، تیاریاں آئندہ 3 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت

نظامت دعوت کو رمضان المبارک میں جاری 8 روزہ دروس قرآن کی کامیابی پر خصوصی مبارکباد
تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کا اہم اجلاس

تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی زیرصدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ جس میں شہر اعتکاف کی تیاریوں کے حوالے سے اہم معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر ہاؤس نے نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت علامہ رانا محمد ادریس کو ملک بھر میں نماز فجر کے بعد ہونے والے 8 روزہ دروس قرآن کی کامیابی پر خصوصی مبارکباد دی۔ یہ دروس قرآن لاہور، مرید کے، نارووال، وزیر آباد، گوجرہ، بوریوالہ، لودھراں میں ہوئے ہیں جن میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد نے شرکت کی، علامہ رانا محمد ادریس نے اس موقع پر کہا کہ دروس قرآن میں عوام الناس کی غیر معمولی تعداد میں شرکت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمگیر دینی و روحانی خدمات کا نتیجہ ہے اور ان کی شخصیت پاکستان کے ہر مکتبہ فکر کیلئے انتہائی قابل احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 رمضان المبارک تک جہانیاں، میاں چنوں، پتوکی، فیروز والہ، گکھڑ منڈی، چکوال، سمبڑیال اور لیہ میں نماز فجر کے بعد دروس قرآن کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران شہر اعتکاف کیلئے بنائی گئی مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو اپنی رپورٹس پیش کیں جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ناظم اعلی نے اعتکاف کی تیاریوں کے حوالے سے بعض انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو مزید ہدایات دیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شہر اعتکاف میں امسال ہزاروں مرد و خواتین معتکف ہونگے۔ شہر اعتکاف اس لحاظ سے پاکستان کو دیگر اسلامی دنیا سے ممتاز کرتا ہے کہ اعتکاف کا اتنا بڑا اجتماع حرمین شریفین کے بعد وطن عزیز پاکستان میں ہوتا ہے اور نہ صرف ملک کے کونے کونے سے بلکہ بیرونی دنیا سے بھی ہزاروں فرزندان توحید اس میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جہاں یہ بہت بڑا اعزاز ہے وہاں تیاریوں کے حوالے سے یہ بہت زیادہ محنت کا تقاضا بھی کرتا ہے تاکہ ہزاروں معتکفین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر اعتکاف کی تیاریوں کو آئندہ تین روز تک مکمل کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top