منہاج یونیورسٹی لاہور کا وکلاء کے اعزاز میں افطار ڈنر
منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ کی انتظامیہ کی طرف سے ’’وزڈم لائرز فورم‘‘ اور ’’ینگ لائرز فورم‘‘ کے اعزاز میں 8 ستمبر 2009ء کو افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سبزہ زار میں ہونے والی افطار پارٹی تقریب کی صدارت پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ ینگ لائرز فورم کے صدر دلشاد احمد بھٹی اور وزڈم لائرز فورم کے صدر آصف اصغر مہمان خصوصی تھے۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شیخ الغۃ و الادب پروفیسر محمد نواز ظفر، وائس پرنسل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے بھی افطار ڈنر میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ میاں محمد عباس نقشبندی، اللہ دتہ طاہر، غلام مجتبیٰ طاہر، صابر حسین نقشبندی، محمد یاسر خان، ممتاز الحسن باروی، ظفر اقبال، رانا محمد اکرم قادری اور دیگرمعزز قانون دان اور اساتذہ کرام بھی مہمانوں میں شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز قاری عبدالحنان نوری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، جس کے بعد ضیاء اللہ رحیم نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ کالج آف شریعہ کی طرف سے سیکرٹری کوآرڈنیشن میاں محمد عباس نقشبندی نے تمام معزز وکلاء کو خوش آمدید کہا جبکہ وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہر ی نے معزز مہمانوں کے لیے خطبہ استقبالیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے لیے آپ معزز وکلاء کا اپنی مادر علمی میں دوبارہ جمع ہونا ہمارے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ آج منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ سے فارغ التحصیل منہاجینز ملک پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں ہر میدان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ینگ لائرز فورم کے صدر دلشاد احمد بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے اس عظیم مادر علمی میں دوبارہ آ کر بہت خوشی اور راحت محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ کے منہاجینز طلبہ مختلف فیلڈز میں نمایاں کارنامے سرانجام دے رہے اور وکلاء بھی اس سلسلہ کی کڑی ہیں۔ انہوں نے پروقار تقریب کے انعقاد پر کالج آف شریعہ کی انتظامیہ اور بالخصوص معزز اساتذہ کرام کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزڈم لائرز فورم کے صدر آصف امیر نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کا کالج آف شریعہ وہ پودا ہے جس کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لگایا تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وکلاء کے پلیٹ فارم سے ملک کی خوشحالی و بہتری اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد میں شامل ہیں اور ان شاء اللہ یہ کوششیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر سے وکلاء برادری کو تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکز اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں تشریف لانے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ آپ کا کالج آف شریعہ میں تشریف لانا ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سوچ و فکر کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہمیں ہراول دستہ بنانا ہو گا۔
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں اس تقریب میں ملک بھر سے آنے والے ماہرین قانون کو کالج آف شریعہ میں صمیم قلب سے خوش آمدید کہتا ہوں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خوشحال پاکستان کا جو خواب دیکھا ہے، اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے آپ صاحبان کی راہنمائی اور ساتھ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل حصول پاکستان کی جدوجہد میں وکلاء نے جو تاریخی کردار ادا کیا وہ آب زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ آج پاکستان بہت سے بحرانوں کا شکار ہے۔ پاکستان کے دشمنوں نے اپنی سازشوں سے اس تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ آج استحکام پاکستان کے لیے، اُسی حصول پاکستان والے جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے اور آپ وکلاء صاحبان اپنی بصیرت، فہم اور ادراک سے اس قوم کی راہنمائی کرتے ہوئے اس قوم کو نشان منزل دکھا سکتے ہیں۔
پروگرام کا اختتام شیخ اللغہ و الادب محترم پروفیسر محمد نواز ظفر کی دعا سے ہوا۔ اس تقریب میں نقابت کے فرائض ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری نے سرانجام دیئے۔
رپورٹ : محمد نواز شریف
تبصرہ