حصول پاکستان کی جدوجہد میں وکلاء نے جو تاریخی کردار ادا کیا وہ آب زر سے لکھنے کے قابل ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

قومی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کا بڑھنا اچھا شکون نہیں ہے
منہاج یونیورسٹی لاہور میں عید ملن پارٹی سے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا خطاب

دی منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی طرف سے ’’وزڈم لائر فورم‘‘ اور ’’ینگ لائر فورم‘‘ کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل و پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عبا سی نے کی۔ اس موقع پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پر وفیسر محمد نواز ظفر، وائس پرنسل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، ینگ لائرز فورم کے صدر دلشاد احمد بھٹی اور وزڈم لائرز فورم کے صدر آصف اصغر، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری اور سیکرٹری کوآرڈنیش (کالج آف شریعہ) میا ں محمد عباس نقشبندی بھی موجود تھے۔ عید ملن پارٹی سے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں وکلاء نے جو تاریخی کردار ادا کیا وہ آب زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ آج پاکستان بہت سے بحرانوں کا شکار ہے۔ پاکستان کے دشمنوں نے اپنی سازشوں سے اسے تباہی کے دہانے پر لا کرکھڑا کر دیا ہے۔ آج استحکام پاکستان کے لیے حصول پاکستان والے جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے اور آپ وکلاء صاحبان اپنی بصیرت، فہم، ادراک سے اس قوم کی راہنمائی کرتے ہوئے نامعلوم سمت کی طرف جاتی ہوئی اس قوم کو نشان منزل دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں آپ پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ نے ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن بھی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان وکلاء قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ ملک کی سلامتی کے لیے قوم کو آپ سے بڑی توقعات ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قوم پر قرض کا بوجھ بڑھانا کامیابی نہیں بلکہ قوم کو خود داری اور خود انحصاری کی منزل کی طرف رواں دواں کرنا کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کا بڑھنا اچھا شکون نہیں ہے۔ ملکی مفاد اور سلامتی کے لیے ہم سب کو ایک ہونا ہو گا۔ اتفاق و اتحاد، یگانگت ہی ہماری بقاء اور ملک دشمن عناصر کی شکست ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top