منہاج القرآن اسلامک سنٹر نارووال پر 25 سے زائد شرپسند عناصر کا مسلح حملہ

مقامی غنڈے اور شرپسند نہیں چاہتے کہ یہاں تعلیم و تربیت کا کام کیا جائے
تحریک منہاج القرآن نے انتظامیہ کو وارننگ دی کہ مجرموں کو 48گھنٹے میں گرفتار کر کے قرار واقعی سزاد ی جائے : احمد نواز انجم

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے منہاج القرآن اسلامک سنٹر نارووال میں 25 سے زائد شرپسند عناصر کی غنڈہ گردی اور سنٹر کے ذمہ داران کو زد و کوب کرنے پر سخت مذمت اور غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احمد نواز انجم امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جس طرح پورے پاکستان میں سینکڑ وں سکولز، کالجز اوراسلامک سنٹرز تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کا کام بڑے احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہے۔ اسی طرح ایک سنٹر نارووال جس میں جامع مسجد اور منہاج ماڈل ہائر سکینڈری سکول سالہا سال سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے۔ یہ سنٹر تحریک منہاج القرآن کی ملکیت ہے۔ انہوںنے کہا کہ کچھ مقامی غنڈے اور شرپسند نہیں چاہتے کہ یہاں تعلیم و تربیت کا کام کیا جائے اور ملک و قوم کی بہتری کے لیے نسل نو کی تربیت کی جائے۔ جنہیں بااثر سیاسی شخصیات کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل جامع مسجد اور سکول پر مسلح 25 افراد نے حملہ کر دیا۔ حملہ کے دوران منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے ناظم مالیات ذوالفقار قادری شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کے ساتھ متعدد دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو بارہا آگاہ کیا گیا تھا کہ شرپسند عناصر انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں مگر افسوس مقامی انتظامیہ نے قبل از وقت آگاہی کے باوجود اسلامک سنٹر کی سیکیورٹی کا کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا۔ احمد نواز انجم نے کہا کہ اب جبکہ مقامی تھانہ میں FIR بھی کاٹی جا چکی ہے۔ مگر انتظامیہ کی بے حسی کہ انہوں نے مجرموں پر جرم ثابت ہونے کے باوجود چھوڑ دیا اور وہ علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں اور اسلامک سنٹر کے ذمہ داران افراد کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن امن پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نے کبھی بھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔ احمد نواز انجم نے انتظامیہ کو وارننگ دی کہ ہم انتظامیہ کو 48گھنٹے مہلت دیتے ہیں کہ غنڈہ گرد اور شرپسند عناصر کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے ورنہ تحریک منہاج القرآن پورے پاکستان میں بھر پور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top