ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کی سکھ یاتریوں سے ملاقات

بابا گرونانک کی برسی کے موقع پر سکھ یاتری بھارت سے پاکستان آئے۔ ان کے اعزاز میں متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کی جانب سے اواری ہوٹل میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ بورڈ کے چیئرمین سید آصف ہاشمی کی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ یہ پروگرام مورخہ 27 ستمبر بروز بدھ منعقد ہوا۔

سردار امریت سنگھ، سردار ہرپال سنگھ پلٹر اور سردار کلدیپ سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کا سکھوں کے مذہبی مقامات کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے چیئرمین سید آصف ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان اپنے سکھ بھائیوں کو ہر طرح کی سہولت دینے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ اس میں گردواروں کی دیکھ بھال، نئے مہمان خانوں اور لنگر خانوں کی تعمیر وغیرہ شامل ہے تاکہ زائرین کو ہر طرح کی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور اسلامی ریاست میں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اور حکومت پاکستان اپنی ذمہ داری کو نہایت اچھے انداز میں نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل بین المذاہب روادری کے فروغ اور دیگر تمام مذاہب کے درمیان محبت، پیار اور اخوت کے جذبے کو فروغ دینے کیلئے عالمی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مصروف عمل ہے۔

آخر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ بابا گرونانک اور حضرت میاں میر رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دور میں اسی مشن پر کام کیا اور برصغیر میں دونوں مذاہب کے درمیاں امن اور آشتی کے جذبے کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اکیسویں صدی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھی مذاہب کے درمیاں محبت اور امن کے پیغام کو عام کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے پیروکار شیخ الاسلام کو محبت اور امن کا عظیم پیامبر تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سکھ برادری اور دوسرے مذاہب کے ساتھ اس تعلق کو مزید مربوط اور مستحکم بنائے گی۔

سردار بشن سنگھ صدر گرونانک مشن پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں انسانیت کی خدمت اور غیر مسلموں کے ساتھ محبت اور چاہت کا عملی مظاہرہ کرتی ہے۔ ہمیں وہ ہر پروگرام میں منہاج القرآن کے مرکز پر بلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اداروں کے ہوتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق پر کوئی حرف نہیں آ سکتا۔

تقریب سے ننکانہ صاحب کے DPO مسرور احمد، DCO نبیل جاوید کے علاوہ سیکرٹری شرائنز خرم صدیق، ایڈمنسٹریٹر سید فراز عباس نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top