منہاج القرآن کلچرل سنٹر فرینکفرٹ میں نماز عید الفطر

منہاج القرآن کلچرل سنٹر فرینکفرٹ میں عید الفطر کے مبارک موقع پر فرینکفرٹ کے ایک خوبصورت ہال میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا۔ عید کے اس اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے صدر منہاج القرآن فرینکفرٹ شبیر احمد کھوکھر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جس نے اس پروگرام کے لئے خوبصورت اشتہار پرنٹ کروا کر انہیں فرینکفرٹ اور اس کے گرد و نواح میں تقسیم کیا۔ ہفتہ کی شام کو جیسے ہی چاند نظر آنے کا اعلان ہوا تو صبح کے پروگرام کی تیار ی شروع ہوگئی اس پروگرام کیلئے پانچ ذیلی کمیٹیاں بھی بنائی گئی تھیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی۔

عید کی نماز کی ادائیگی کیلئے عورتوں کیلئے علیحدہ پردے کا انتظام کیا گیا۔ بچیوں کیلئے چوڑیوں اور مہندی کے سٹال لگائے گئے اور ریفریشمنٹ کا شاندار اہتمام کیا گیا۔ نماز عید الفطر کی ادائیگی کیلئے آنے والے تمام مرد و زن کے لئے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا جبکہ چوہدری لیاقت علی کی جانب سے وافر مقدار میں مٹھائی بھی حاضرین میں تقسیم کی گئی۔ چوہدری ارشد کی جانب سے پکوڑوں اور سموسوں کا انتظام کیا گیا، ہمایوں اور وسیم بھٹی نے کولڈ ڈرنکس، پٹھورے اور چنے کا سٹال لگایا جس سے لوگوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوئی اور دن ایک بجے لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہا۔

لوگوں کے تاثرات سے یہ واضح ہو رہا تھا کہ آج دیار غیر میں انہیں پہلی دفعہ عید کا حقیقی رنگ اور عید کی خوشیاں دیکھنے کو ملی ہیں جس کی وجہ سے اکثر بچے یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ اگلی عید کب آئے گی۔ منہاج القرآن فرینکفرٹ کے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ اس نے اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو عید کی حقیقی خوشیاں فراہم کرنے کی تمام تر کوششیں کیں۔

منہاج القرآن فرینکفرٹ کے صدر شبیر احمد کھوکھر نے اُن تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نماز عید کے اس اجتماع میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ اس موقع پر صدر شبیر احمد کھوکھر اور ناظم نذیر احمد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان شاء اللہ آئندہ سال پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے عید الاضحی کا پروگرام اس سے بھی بڑے ہال اور منظم انداز میں کروایا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top