منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام امام اعظم کانفرنس

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان باندو سٹی اباراکی کین میں مورخہ 10 اکتوبر 2009ء کو جاپان کی تاریخ میں پہلی امام اعظم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹوکیو، چیبا، سائتاما، توچیگی، اباراکی، گماگین اور دور دراز کی مسافت طے کرکے آنے والے عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد آٹھ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت سید مہربان شاہ نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت معروف نعت خواں غفور ٹیپو نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض محمد اظہر نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن کے ڈائریکٹر حافظ محمد یعقوب مغل، صالح محمد افغانی، محمد انعام الحق، جامعہ مسجد بلال کے خطیب حافظ محمد طاہر جمال، سوکویا مسجد کے ڈاکٹر عمران الحق، حافظ مہر شمس سمیت دیگر مقررین نے اظہارخیال کرتے ہوئے اماموں کے امام حضرت امام ابوحنیفہ رحمتہ اللہ علیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام اعظم امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ علم کے سمندر ہیں اور وہ فقہ اور حدیث کے امام ہیں، آپ نے سات ہزار مرتبہ قرآن پاک ختم کیا اور 40 سال تک نماز عشاء کے وضو سے نماز فجر ادا کی، رات کو دونوافل میں پوراقرآن پاک پڑھا۔ دن کو علم اور رات عبادت میں گذارتے اور اپنی زندگی میں چھ صحابہ اکرام رضی اللہ عنہم کی زیارت کی اور دنیا بھر میں اسوقت 70فیصد مسلک حنفی سے تعلق رکھتے ہیں اور آپ 70 ہزار احادیث کے راوی ہیں۔ اس کے علاوہ مقررین نے امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگرکیا۔ اس موقع پر شرکاء اور مقررین نے منہاج القرآن جاپان کو امام اعظم کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

مرکز منہاج القرآن جاپان کی جانب سے اس موقع پر ڈاکٹرعمران الحق اور عوام نیوز کے چیف ایڈیٹر شیخ فیاض حسین کو درود شریف کا تحفہ پیش کیا گیا اور آخرمیں لنگر تقسیم کیا گیا۔ پروگرام رات گئے تک جاری رہا اور اس خصوصی موقع پر عالم اسلام اور وطن عزیز پاکستان میں امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاکی گئی اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ یہ گروہ اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا مسلمانوں اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

رپورٹ : انعام الحق (ناظم MPIC جاپان)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top