تقریب بسلسلہ 28 واں يوم تاسيس تحريک منہاج القرآن - فرانس

تحریک منہاج القرآن کا 28 واں یوم تاسیس دنیا بھر کی طرح فرانس میں بھی روایتی پروقار انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام یوم تاسیس کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے کی۔ منہاج القرآن یورپین کونسل کے سرپرست حاجی گلزار احمد اور صدر مجلس شوریٰ چودھری محمد سعید بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے ارکان شوریٰ، انتظامیہ اور رفقاء نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ یوم تاسیس کی تقریب کا آغاز تلاوت کلا م پاک سے ہوا، جس کی سعادت حاجی حنیف مغل نے حاصل کی۔ عامر نعیم نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی۔

تقریب کی کارراوئی کا باقاعدہ آغاز حال ہی میں وفات پانے والے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن (MWF) فرانس کے صدر ملک شبیر احمد اعوان کے بھانجے، افسر فانی کی والدہ، مہر ارشد کی والدہ، بابر حسین کے ماموں اور منہاج القرآن یورپین کونسل میڈیا کوآرڈینیشن بیورو (MCB) کے صدر راؤ خلیل احمد کی بھاوج کے لئے دعائے مغفرت سے ہوا۔ علامہ حسن میر قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کی بنیاد 1950ء میں رکھی گئی تھی، جب ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ نے غلاف کعبہ تھام کر ایک صالح بیٹا مانگا تھا۔ تحریک منہاج القرآن کی تنظیم سازی 1981 میں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 1984 میں سیدنا طاہر علاؤالدین نے پہلی اینٹ رکھ کر منہاج القرآن کی بلڈنگ کی تعمیرات کے کام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے دعوت، تربیت، تنظیم سازی اور پھر تبدیلی کو ممکن قرار دیا۔

علامہ حسن میر قادری نے تربیتی نقطہ نگاہ سے کہا کہ تحریک کے یوم تاسیس کے موقع پر ہمیں اپنے اندر انقلابی تبدیلیاں پیدا کرنے کا عزم نو کرنا ہوگا، کیونکہ ملک میں اس وقت تک تبدیلی اور انقلاب نہیں بپا ہو سکتا جب تک انسان اپنے اندر سے اسے شروع نہ کرے۔ اس حوالے سے آپ نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بول چال کے انداز کو بدلنا ہو گا۔ دلوں کی گھٹن دور کرکےکشادہ دلی سے کام لینا ھو گا۔ صبر و تحمل اور برداشت سے کام لینا ھو گا۔ تنظیمی نظم و نسق سے مکمل آگاہی حاصل کرنا ہو گی۔

تقریب کے آخر میں انتظامیہ کی جانب سے 28ویں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔

رپورٹ: اے۔ کے۔ راؤ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top