حکومت تعلیمی اداروں کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے : چودھری امجد حسین جٹ
تعلیم، جہالت کے خاتمے اور معاشرے میں اچھی اقدار کو فروغ دینے میں
معاون ثابت ہوتی ہے
متحدہ طلبہ محاذ کے قائدین کی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر چودھری امجد حسین جٹ سے
ملاقات
متحدہ طلبہ محاذ کے قائدین نے سید راحیل شاہ (PSF) کی قیادت میں گزشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کے صدر چودھری امجد حسین جٹ سے ان کے مرکزی آفس ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری امجد حسین جٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے۔ غیر ملکی مداخلت قوم کی خود داری پر ڈرون حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی طلبہ کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کر ر ہی ہے، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ساکھ بحال رکھنا حکومت اور عوام کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ قلم و کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کریں۔ ترقی یافتہ اقوام کا راز اعلیٰ تعلیم میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو تعلیم و تربیت کے نور سے منور ہوتی ہیں۔ تعلیم جہالت کو ختم کرتی ہے اور معاشرے میں اچھی اقدار کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ امجد حسین جٹ نے کہا کہ ہر حکومت تعلیم حاصل کرنے پر زور دیتی ہے مگر تعلیمی پروگرامز کو پھیلنے پھولنے کے اقدامات نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ غیر سیاسی اور غیر انتخابی طلبہ تنظیم ہے۔ جو صرف طلبہ کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر ظہیر الدین بابر، جواد الحسن کاظمی، سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ساجد گوندل اور آصف خورشید بھی موجود تھے۔
تبصرہ