خواتین اولاد کی بہادری اور جرات کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

قوم کے بگاڑ کی اصلاح کے لیے اجتماعی جدوجہد اور توبہ کی ضرورت ہے
بدامنی، دہشت گردی کے حالیہ عذاب سے نجات اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کینیڈا سے ٹیلی فونک گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ اور پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور بدامنی کی فضا میں قوم کے بڑھتے ہوئے اضطراب اور بے چینی سے نجات کے لیے پوری قوم اور خصوصی طور پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کو روزانہ قرآن مجید کی چند سورتوں کی تلاوت، کثرت درود و سلام اور اجتماعی توبہ و دعا کی تلقین کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بڑھتا ہوا ظلم و ستم دہشت گردی بدامنی، بھوک و افلاس سے نجات کے لیے اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی، امن و سکون اور استحکام کے لیے قوم کو اتحاد و اتفاق، یگانگت، پیار و محبت اور مساوات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بگاڑ کی اصلاح کے لیے انفرادی کاوشوں اور توبہ کی بجائے اجتماعی جدوجہد اور توبہ کریں۔ تحریک منہاج القرآن کی تمام تنظیمات اپنے اپنے علاقہ جات میں اپنی اپنی سطح پر گھروں، حلقہ جات، مساجد، سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور عوامی مقامات پر عوام کو اجتماعی توبہ کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے اجتماعی توبہ کا اہتمام کریں۔ وظائف کے ساتھ ساتھ اجتماعی توبہ کے بعد اجتماعی دعا میں بدامنی، دہشت گردی کے حالیہ عذاب سے نجات اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عورت کو اسلام نے بڑا اعلیٰ مقام عطا کیا ہے اور اس کی ذمہ داری بھی بڑی اہم ہے۔ خواتین عزم اور حوصلے سے موجودہ نامساعد حالات کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اولاد کی بہادری اور جرات کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ نام نہاد مفکرین حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قوم میں مایوسی اور ناامیدی پھیلانے کی جسارت کر رہے ہیں۔ خواتین اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے عمل و کردار سے ان کا منہ توڑ جواب دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top