علمائے کرام انسانی جان و مال کی حرمت کی اہمیت اسلامی تعلیمات کے تناظر میں بیان کریں : فیض الرحمان درانی

پاکستانی قوم حکمرانوں اور حکومتی حلیفوں سے ملک میں سیاسی استحکام چاہتی ہے
حکومت دہشت گردی کے اسباب کا جائزہ لینے کے لیے علمائے کرام، ماہرین قانون اور عسکری ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمان درانی کی پشاور سے آئے علمائے کرام کے وفد سے گفتگو

دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک دہشت گردوں کی کارروائیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دہشت گرد انسانیت کا دشمن ہے اور ان عناصر کا تعلق دین سے ہرگز نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے پشاور سے آئے علمائے کرام کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ محراب و منبر سے لوگوں کو صحیح اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں۔ انسانی جان و مال کی حرمت کی اہمیت اسلامی تعلیمات کے تناظر میں بیان کریں۔ انہوں نے علماء کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے بعد پشاور میں ہونے والے حالیہ ہولناک بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر محب وطن پاکستانی افسردہ اور غم میں ہے۔ بے گناہ شہریوں، معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے جبکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ پاکستانی قوم امن پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حکمرانوں اور حکومتی حلیفوں سے ملک میں سیاسی استحکام چاہتی ہے تاکہ ملکی مسائل حل ہو ملک میں امن و امان قائم ہو اور خارجی، داخلی امور بہتر انداز میں طے کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال و دہشت گردی، بم دھماکے، خودکش حملے، روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی، بجلی کا بحران ایسے مسائل ہیں جنہیں حکومت کو چیلنج سمجھ کر بڑی حکمت و دانائی سے حل کرنا ہوگا۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی صورتحال تشویشناک اور افسوناک ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت دہشت گردی کے اسباب کا جائزہ لینے کے لیے علمائے کرام، ماہرین قانون اور عسکری ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top