منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام ماہانہ محفل گیارہویں شریف
منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام 29 اکتوبر 2009ء کو بعد از نماز عشاء عظیم الشان ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جاپان بھر سے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت حافظ مہر محمد شمس نے حاصل کی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حافظ مطلوب احمد، محمد ندیم، ملک محمد فیصل قادری، سید یاسر عباس، معصف ٹیپو اور دیگر احبا ب نے حاصل کی۔
محفل میں پاک جاپان فیڈریشن کے حافظ مہر محمد شمس، غوثیہ مسجد کے امام حافظ مطلوب احمد، توباما کے معروف نعت خواں محمد ندیم مہمان خصوصی تھے۔ محفل کی صدارت منہاج القرآن اباراکی کین جاپان کے صدر صالح محمد افغانی نے کی۔ گماگین سے خصوصی طور پر شرکت کرنے والے محمد سلیم خان نے محفل ذکر کروائی اور محفل ذکر میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو آئے۔ اس موقع پر محمد صالح افغانی، حافظ محمد یعقوب مغل، محمد سلیم خان، حافظ محمد شمس، حافظ مطلوب احمد، محمد ندیم کو درود پاک (پوسٹر) کے تحفے پیش کیے گئے۔ محفل کے اختتام پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر ناظم MPIC جاپان انعام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیارہویں شریف کی ماہانہ محفل ہر ماہ چاند کی دس تاریخ کو مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل باندوسٹی اباراکی کین جاپان میں منعقد ہوتی ہے جس میں تمام اہل اسلام کو دعوت عام ہے۔
رپورٹ : انعام الحق (ناظم MPIC جاپان)
تبصرہ