دھونکل، وزیرآباد میں منہاج فری ڈسپنسری کا افتتاح

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دھونکل، وزیر آباد کے زیراہتمام منہاج فری ڈسپنسری کی افتتاحی تقریب مورخہ 15 نومبر 2009ء کو منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) گوجرانوالہ ڈاکٹر سعید اللہ خان نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم افتخار شاہ بخاری تھے۔ تقریب میں علاقہ کے معززین، سماجی اور سیاسی راہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے میزبانوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ناظم رضوان قاضی، ڈاکٹر فیصل اسحاق، پروفیسر شہباز منہاس، محمد عبداللہ مغل اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

منہاج فری ڈسپنسری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محروم و مجبور طبقات کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ منہاج فری ڈسپنسری دھونکل، وزیرآباد کو شامل کر کے پورے ملک میں 107 منہاج فری ڈسپنسریز فلاح انسانیت کے لیے خدمت کر رہی ہیں۔ جس سے ہزاروں مریض ماہانہ بنیادوں پر مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکپتن شریف میں منہاج میڈیکل کمپلیکس اور منہاج چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا عنقریب افتتاح ہونے والا ہے۔ جس سے علاقہ بھر کی عوام مستفید ہو گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سعید اللہ خان نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کے عظیم راہنما ہیں اور ملت کے لیے ان کی سماجی خدمات باعث صد افتخار ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے دھونکل، وزیر آباد میں ڈسپنسری کا قیام ان کی فلاحی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی جانب سے ڈسپنسری انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

منہاج ڈسپنسری کے منتظم ڈاکٹر فیصل اسحاق نے کہا کہ ڈسپنسری انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی کی صورت میں 24 گھنٹے سروس حاصل رہے گی جبکہ 3 بجے سے شام 5 بجے کے اوقات میں ڈسپنسری عامۃ الناس کے لیے کھلی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا طرہ امتیاز ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top