منہاج یونیورسٹی میں مقابلہ حسن تقریر
منہاج یونیورسٹی لا ہور کے ’’شعبہ شریعہ‘‘ میں طلبہ کی نمائندہ تنظیم ’’بزم منہاج‘‘ کے زیر اہتمام مقابلہ حسن تقریر بعنوان ’’عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ منعقد ہوا۔ پروگرام کی سرپرستی معروف مذہبی اسکالر پروفیسر صابر حسین نقشبندی نے کی جبکہ صدارت غلام مجتبیٰ طاہر ایڈووکیٹ نے کی۔ علاوہ ازیں محمد شبیر قادری، اقصد شہزاد انجم، حاجی محمد وقاص یونس، طارق محمود جٹ اور محمد منیر معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ اس موقع پر معروف مذہبی اسکالرصابر حسین نقشبندی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ طلبہ ملک و قوم کا سرمایہ اور معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی گفتگو اس کی پہچان ہوتی ہے۔ اس لیے جہاں بھی جائیں اپنی شناخت پیدا کریں۔ یہاں کے طالب علم ایک اچھے مقررہونے کے ساتھ ساتھ ہر میدان میں اپنا لوہا منواتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے تقریری مقابلہ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی مبارکباد بھی دی۔ پروگرام کے اختتام پر مقابلہ حسن تقریر میں حافظ عرفان اصغر نے پہلی، سرفراز علی اور مظہر اقبال نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ خصوصی نقدی انعام نجیب اکرم کو دیا گیا۔ تقریری مقابلہ کی جیوری کے فرائض حافظ عبدالطیف، سیف الرحمن اور احمد رضا نے ادا کیے جبکہ کمپیئرنگ کی فرائض محمد مبین صائم نے سر انجام دیئے۔
تبصرہ