بزم قادریہ کے زیر اہتمام سالانہ محفل قرات و نعت

تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کے موقع سالانہ محفل قرات و نعت منعقد ہوئی۔ یہ محفل مورخہ 10 نومبر 2009ء کو بزم قادریہ منہاج یونیورسٹی، لاہور کے زیراہتمام صفہ ہال (گوشہء درود) تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی نے کی۔

محفل کے مہمانان گرامی میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، شیخ زاہد فیاض (سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، رانا محمد جمیل، رانا جاوید قادری، تنویر حسین قادری، حجازی صاحب، ڈاکٹر اصغر جاوید قادری، ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، حاجی گوہر رحمٰن، محمد جواد حامد، صوفی مقصود احمد قادری، ساجد ندیم گوندل، بلال مصطفوی، حفیظ اللہ جاوید، نجم الثاقب اور صاحبزادہ حسنین جاوید شامل تھے۔ جبکہ مریدین، متوسلین و معتقدین قدوۃ الاولیاء اور طلبہ و طالبات کالج آف شریعہ، گرلز کالج و منہاج یونیورسٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت زینت القراء قاری اللہ بخش نقشبندی اور قاری تنزیل الرحمٰن نے حاصل کی۔ جبکہ محمد علی سجن، ارشاد اعظم، اختر حسین قریشی، شہزاد برادران، ظہیر احمد بلالی و برادران اور شہزاد عاشق و برادران نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ دوران محفل حاضرین پر کیف و سرور کی کیفیت طاری تھی۔ محمد علی سجن نے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی شان میں منقبت پیش کی تو محفل میں حاضر تمام شرکاء کی حالت دیدنی تھی اور ہر آنکھ پرنم تھی۔

آخر میں چیف آرگنائزر بزم قادریہ شہزاد رسول قادری نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رضی اللہ عنہ کی قربتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مشن اصل میں حضور قدوۃ الاولیاء کا مشن ہے جس کی زندگی بھر آپ نے سرپرستی فرمائی اور اب بھی روحانی طور پر سرپرستی فرما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدوۃ الاولیاء کے عملی فیض کا نمونہ تحریک منہاج القرآن ہے۔

محفل کا اختتام صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن کی دعا سے ہوا، جس میں آپ نے شہزادگان غوث الوریٰ اور قائد تحریک منہاج القرآن کی صحت اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ : صاحبزادہ محمد افتخار الحسن

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top