معروف آرٹسٹ فردوس جمال کا منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کا وزٹ

وطن عزیز پاکستان کے معروف آرٹسٹ اور منہاج القرآن کلچرل ونگ کے رکن فردوس جمال نے گذشتہ دنوں منہاج القرآن باندوسٹی اباراکی کین جاپان کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر فردوس جمال نے وطن عزیز پاکستان کے دن بدن معاشی اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن اور معاشی ترقی صرف اور صرف مصطفوی مشن کے حصول میں ہی ہے۔

قیام پاکستان کے وقت برصغیر کے مسلمانوں سے اس خطہ ارضی پر اللہ اور اس کے پیارے حبیب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نظام کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ مگر باسٹھ سال گزرنے کے باوجود پاکستان پر چور، ڈاکو اور لٹیرے قابض رہے اور آج پاکستان میں جو اسلام کا نقشہ پیش کیا جا رہا ہے اس کا دور دور تک بھی اسلام سے کوئی واسطہ نہیں بلکہ پاکستان کو عالمی دنیا میں ایک دہشت گرد ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، پیار اور محبت کا نام ہے۔ اللہ اور اس کے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، خلفاء راشدین رضوان اللہ اجمعین، اہل بیت اور اولیاء اللہ کی نسبت دنیا اور آخرت میں کامیابی کا راز ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی اور راہنمائی میں دنیا بھر اسلام کی صحیح تشخص اُجاگر کرنے، امن عالم، شعور کی بیداری، جہالت کے خاتمے کیلئے تعلیم کے فروغ اور تجدید احیائے دین کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مشن کا حصہ بنے تاکہ پاکستان میں مصطفوی مشن کے حصول کی راہ ہموار ہو سکے۔ اس پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا آخر میں تمام حاضرین کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ : محمد انعام الحق (ناظم MPIC جاپان)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top