بیرونی امداد اور قرض کے کشکول توڑ کر ہی اعتماد خود انحصاری کے سفر کا آغاز کیا جا سکتا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

ملٹی نیشنلز کمپنیز کی اجارہ داری کی وجہ سے لوکل کاروبار میں بھی کمی ہو رہی ہے
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ انفرادی اور حکومتی اخراجات کم کر کے ہی ترقی کی راہیں متعین کی جاسکتی ہیں۔ بیرونی امداد اور قرض کے کشکول توڑ کر ہی اعتماد خود انحصاری کے سفر کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہاافسوس جن مقاصد کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا خواب اور قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد پاکستانی قوم کو خودداری و خود انحصاری کی بنیادوں پر استوار کرنا تھا مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کو باہمی محاذ رآرائی اور اختلافات سے فرصت ہی نہیں کہ وہ قوم کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ٹیکس سسٹم بہتر اور صاف شفاف ہو جائے تو قومی خزانے میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ با اثر افراد ٹیکس چوری کر لیتے ہیں اور بوجھ غریب عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنلز کمپنیز کی اجارہ داری کی وجہ سے لوکل کاروبار میں بھی کمی ہو رہی ہے حکومت اگر چاہتی ہے کہ ملک کی معیشت مضبوط اور بہتر ہوتو سیاستدان اپنا سرمایہ ملک میں واپس لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سیکورٹی ملے تو اس زر مباکہ سے بھی ملک کی معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اس لیے زراعت کیلئے مضبوط اور قابل عمل منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر نہایت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اس ملک میں ہر کوئی غیر محفوظ ہے۔ عوام، خاص، قانون نافذ کرنے والے اور خود حکومتی ارکان اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کر سکتے۔ پولیس ریفارمز اور ملک میں امن و امان کے حوالے سے محض بیان بازی کی بجائے حکومت عملی اقدامات کرے اور عوام الناس کو امن و سکون کی فضا مہیا کرنے کیلئے ترجہیی بنیادوں پر کام کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top