منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کی عظیم پروجیکٹ آغوش کے حوالہ سے بریفنگ

گذشتہ دنوں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے عظیم پروجیکٹ آغوش کے حوالہ سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جو کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج القرآن یوتھ لیگ برطانیہ کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ منہاج القرآن برطانیہ کے عہدیداران سمیت رفقاء و اراکین کی ایک کثیر تعدادنے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ خوش بخت رحمان نے حاصل کی اس کے بعد نعت رسول مقبول  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  اور درودپاک کے نذرانہ پیش کیا گیا۔ آغوش کے پروجیکٹ کے متعلق حاضرین کو بریفنگ اور ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ آغوش میں پانچ سو یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت، کفالت، رہائش اور دیگر تمام ضروریات کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ جہاں پر موجود بچوں کا تعلق زیادہ تر زلزلہ سے متاثرہ کشمیر کے علاقوں سے ہے۔ قدرتی اور دنیاوی آفات نے ان بچوں سے ان کے والدین چھین لیے ہیں۔ اس موقع پر حافظ سجاد قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا بحیثیت مسلمان دینی و ملی فریضہ ہے کہ ہم ان بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائیں۔ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی اور گلاسگو سے میلاد رضا قادری نے اس پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی اور بارگاہ رسالت مآب  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مقامی نعت خواں حضرات کی بڑی تعداد نے کلام پیش کیے۔ حاضرین نے اس عظیم الشان پروجیکٹ کو سراہا اور تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ پروگرام کا اختتام درود و سلام اور اجتماعی دعا سے ہوا آخر پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ کی درازی عمرکیلئے خصوصی دعاکی گئی۔

رپورٹ : مرزا آفتاب بیگ (برطانیہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top