حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنی ساری زندگی دین اسلام، محبت رسول اور مخلوق خدا کی خدمت میں گزاری : فرحت حسین

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ عبادت، حیاء، تقوی، طہارت، صبر، شکر، قناعت اور شرم وحیا کے پیکر تھے
سید فرحت حسین شاہ کا تحریک منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم عثمان غنی (رض) کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے دین اسلام اور اللہ تعالی کی رضا کے لیے ہر قربانی کو قبول کیا۔ وہ ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے تیار رہتے۔ وہ عبادت، حیاء، تقوی، طہارت، صبر، شکر، قناعت اور شرم و حیا کے پیکر تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوم عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی خلیفہ سوم نے اپنی ساری زندگی دین اسلام، محبت رسول اور مخلوق خدا کی خدمت میں گزاری۔ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور خلافت کے عروج و زوال میں ہمیشہ استقامت کو اپنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کئی مرتبہ ان کی زندگی میں انہیں جنت کی بشارت دی اور ان کی فضلیت صحابہ میں بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ بڑے نرم دل اور سخی دل انسان تھے۔ جب بھی مسلمانوں کو مالی ضرورت ہوتی تو آپ رضی اللہ عنہ ان کی ضروریات کے لیے اپنا مال خرچ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی کا 12 سالہ عہد خلافت بے مثال اصلاحات اور دفاعی مہمات سے عبارت ہے۔ سادہ طرز ندگی، سادہ اطوار، اعلیٰ اخلاق عام آدمی تک رسائی، ظلم و جور سے نفرت، زیادتی اور تجاوز سے دوری آپ رضی اللہ عنہ کے شاہکار کارناموں میں شامل ہے۔ انہوں نے 44 لاکھ مربع میل کے وسیع و عریض خطہ پر اسلامی سلطنت قائم کی اور اپنی ذمہ داریوں کو بڑے احسن انداز میں نبھایا۔ تقریب میں علامہ رانا محمد ادریس، محمد عثمان سیالوی، آصف امیر، علامہ محمد حسین آزاد ، ممتاز صدیقی، علامہ محمد نصیر اور علامہ محمد وقاص قادری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top