منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیراہتمام سالانہ فری آئی سرجری کیمپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 12واں سالانہ فری آئی سرجری کیمپ 6 نومبر 2009ء بروز جمعۃ المبارک کو ہوا، ہزاروں مستحق افراد کا کامیاب آپریشن کیا گیا اور انہیں بینائی کی عظیم دولت نصیب ہوئی۔ آئی کیمپ میں ملک بھر سے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ٹیم نے شرکت کی۔ کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر عمران اکرم صحاف (ہیڈ آف آئی ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال لاہور) نے کی، جبکہ ڈاکٹر سید جواد احمد (ایکس آئی سرجن میو ہسپتال لاہور)، ڈاکٹر امانت علی (ڈسٹرکٹ آئی سرجن، DHQ ہسپتال نارووال)، ڈاکٹر محمد نعیم اعوان (آئی سرجن میو ہسپتال لاہور)، ڈاکٹر آکاش (آئی سرجن جنرل ہسپتال لاہور)، ڈاکٹر سید مزمل حسنین (آئی سرجن گجرات)، ڈاکٹر عطاء الرسول (آئی سرجن میو ہسپتال لاہور)، ڈاکٹر احمد سعید (آئی سرجن DHQ ہسپتال نارووال)، ڈاکٹر محمد اقبال (آئی سرجن پسرور) نے اپنی خدمات پیش کیں۔

سرجری کیمپ سے پہلے 6 فری O.P.D کیمپس لگائے گئے جس میں 5274 افراد کا چیک اپ کیا گیا، ان میں سے 270 افراد کو سرجری کے لئے Refer کیا گیا جن میں سے 249 افراد کی سرجری عمل میں آئی۔

آئی کیمپ کے انتطامات کو بہتر طور پر چلانے کے لئے 12 کمیٹیاں ترتیب دی گئیں۔ حافظ عبد الحئی کو کنٹرول روم کی ذمہ داری سوپنی گئی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، اس حوالے سے محمد عمران بٹ، محمد عباس بٹ اور ان کی 20 رکنی ٹیم نے فرائض انجام دیئے۔

اس فری سرجری کیمپ کی افتتاحی تقریب 3 نومبر 2009 کو صدر تحریک منہاج القرآن نارووال سیلم عباس قادری کی صدارت میں ہوئی، جس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ EDO Health ڈاکٹر اکمل خورشید نے DCO نارووال وقاص علی محمود کی نمائندگی کر تے ہوئے کہا کہ ہم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں جس نے انسانی فلاح کے عظیم مشن کا بیڑہ اٹھایا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے وہ کام جو سرکاری سطح پر ہونے چاہئیں کامیابی سے کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ  قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے انسان دوست مشن کو آگے بڑھانے کے بجا طور پر اہل ہیں۔ ہم ہر طرح سے تحریک منہاج القرآن کے ساتھ ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عمران صحاف نے کیمپ کے انتظامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ ہم انسانی خدمت کے لئے تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر قائم اس کیمپ میں موجود ہیں، جو فقط کیمپ نہیں بلکہ ایک مکمل ہسپتال ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سالہا سال سے اس فری آئی سرجری کیمپ کو دیکھ رہا ہوں، انتہائی خوشی کی بات ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ کیمپ انتظامی اور فنی مہارت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ مجھے اور بھی کیمپس میں جانے کے مواقع ملتے ہیں مگر انتظامی لحاظ سے جو معیار یہاں ہے وہ کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ کیمپ ہر قسم کی سہولیات اور اعلیٰ معیار کی تمام شرائط پر پورا اترتا ہے۔ عملے کا اخلاق اور صفائی کا معیار اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کے استعمال اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات سے اس کیمپ کو مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس کیمپ کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔  (آمین)

صدر تحریک منہاج القرآن نارووال سلیم عباس قادری نے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے تحریک کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ آخر میں ڈاکٹر امانت علی نے کیمپ کی کامیابی اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی۔

کیمپ کی اختتامی تقریب 6 نومبر 2009 بروز جمعۃ المبارک کو صدر تحریک منہاج القرآن نارووال سیلم عباس قادری کی صدارت میں ہوئی، تلاوت کلام پاک اور نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شرف قاری بلال قمر نے حاصل کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینئر ایگزیکٹو تحریک منہاج القرآن نارووال حاجی محمد اسمٰعیل تھے، انہوں نے فری سرجری کیمپ کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے ایک لاکھ بیس ہزار روپے عطیہ کا چیک صدر تحریک سیلم عباس قادری اور ناظم ویلفیئر حاجی نذیر کو پیش کیا۔

ناظم ویلفیئر حاجی نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ہر لحاظ ہے کوشش کی کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، آئندہ انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی سعی کی جا ئے گی۔ رانا وکیل خان کی نمائندگی کرتے ہوئے رانا محمد اشرف نے کہا کہ یہ تحریک منہاج القرآن کا نارووال کے باسیوں پر احسان ہے کہ اس نے پسماندہ علاقے کو عظیم فلاحی منصوبے سے نوازا اور ہم تحریک کے قائدین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں اس کارخیر میں شرکت کی دعوت دے کر دکھی انسانیت کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ ان شاء اللہ حسب سابق آئندہ بھی ہم اپنی وساطت کے مطابق تحریک کے اس فلاحی منصوبہ میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم کی نمائندگی کرتے ہوئے مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خصوصی  خطاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں آنکھ کی اہمیت بیان کی۔ قرآنی آیات کاحوالہ دیتے ہو ئے انہوں نے کماحقہ کہا کہ "کیا آنکھ والے اور اندھے برابر ہو سکتے ہیں۔" حج میں شعائر اللہ کی زیارت آنکھ سے ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں طاہری آنکھ کی پاکیزگی اور دل کی آنکھ کو کھولنے کے لئے محنت کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہر میدان میں انسانیت کی خدمت کا عزم رکھتی ہے اور یہ فقط باتوں اور تقریروں کی حد تک نہیں، الحمد للہ ہم اپنی ذمہ داریوں سے قلبی اور عملی آگاہ ہیں، سالانہ فری سرجری کیمپ اور اس جیسے درجنوں پراجیکٹس اس کا عملی ثبوت ہیں۔ ہمارا فرض بنتا ہے کہ تحریک منہاج القرآن سے وابستگی اختیار کریں اور فلاح کے کامو ں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ انسان دوستی کے یہ منصوبے مزید احسن انداز سے انسانیت کی خدمت کر سکیں۔

صدر تحریک نارووال سیلم عباس قادری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کیمپ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والی مختلف انتظامی کمیٹیوں کے ممبران اور سربراہان اور بہترین کوریج پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اے ٹی وی اور پنجاب ٹی وی نے فری آئی کیمپ کو نمایاں کوریج دی جبکہ روزنامہ جنگ، نوائے وقت، جناح، آفتاب اور ہفت روزہ میرا نارووال نے اس کی خبروں کو اچھے انداز میں شائع کیا۔ آخر میں انہوں نے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اورخصوصی ہدایات بھی دیں۔ مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس نے اختتامی دعا فرمائی۔

12th Free Eye Camp under Minhaj-ul-Quran (Narowal) Waqt TV News 03.11.09

12th Free Eye Camp under Minhaj-ul-Quran (Narowal) Punjab TV News 03.11.09

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top