صوبوں کو آئینی حقوق دے کر ملک کو سقوط ڈھاکہ جیسے سانحہ سے بچایا جائے : انواراختر ایڈووکیٹ

سقوط ڈھاکہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم کیا جائے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ کی جنوبی پنجاب سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ سے حکمرانوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ملک کو قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی یکجہتی کا جذبہ بیدار کیا جائے۔ میڈیا قومی یکجہتی کے جذبہ کو ابھارنے والی مخلص اور اہل قیادت کی خدمات کو حاصل کریں۔ سقوط ڈھاکہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو کی قیادت میں جنوبی پنجاب سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے علیحدگی پسندی کے رجحانات کا تدارک کیا جائے ۔ صوبوں کو آئینی حقوق دے کر ملک کو سقوط ڈھاکہ جیسے سانحہ سے بچایا جائے۔ ملک کی بقاء اور سلامتی کے لیے جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ اور سرداری نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ ملک کی بقا و سلامتی اور خوشحالی کے لیے جہالت اور پسماندگی کاخاتمہ بھی ضروری ہے۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے شخصیات کی بجائے ریاستی اداروں کو خود مختار اور مضبوط کیا جائے۔ پارلیمنٹ و عدلیہ کو بالادستی دے کر ملک کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی ہی ملک کی بقاء کی ضامن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت و سیاسی جماعتوں کو شخصیت پرستی نے تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top