امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کا پیغام ظلم کے خلاف استقامت اور ثابت قدمی سے ڈٹ جانا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

حضرت امام حسین (رض) کا پیغام دین اسلام کی آبیاری اور امت کی خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہنا ہے
ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا کالج آف شریعہ میں بسلسلہ محرم الحرام منعقدہ کانفرنس سے خطاب

شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ حقوق انسانیت کے تحفظ کے عظیم رہبر اور علمبردار ہیں ان کی قربانی سے روشن ہونے والے چراغ آج بھی انسانیت کو حریت، خود داری اور خود اعتمادی سے منور کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقتدار کی نہیں کردار اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کی جنگ لڑی۔ وہ مفادات کے لیے نہیں بلکہ انسانی اعلی اقدار کے فروغ کے لیے میدان کارزار میں اتر ے۔ انہوں نے بقا ئے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دین اسلام کی خاطر مقدس رشتوں کو رضا الہی کے لیے قربان کر دیا وہ صرف مسلمانوں کے امام اور راہنما نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام اور راہنما ہیں۔ ان کے نقوش قدم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں بسلسلہ محرم الحرام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہوراللہ الازہر ی، ڈاکٹر مسعود مجاہد، محمد عباس نقشبندی، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید و دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا صبر، شکر، توکل اور رضائے الہی کائنات کے انسانوں کے لیے علم و عرفان، روشنی اور نور ہیں۔ ان کی حیات قرآن و سنت کی عملی تفسیر اور قربانی حیات جادوانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کا پیغام ظلم کے خلاف استقامت اور ثابت قدمی سے ڈٹ جانا ہے۔ ان کا جہاد فساد نہیں بلکہ فساد کو ختم کرنے کی عظیم جدوجہد ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام دین اسلام کی آبیاری اور امت کی خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہنا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام سے محبت ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام مسلمانوں کے متفقہ ہیرو اور مصلح ہیں جو مسلمان ایسا نہیں سمجھتا وہ دین اسلام کی روح سے ناآشنا ہے۔ حکمرانوں کو حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت و کردار سے جرات اور راہنمائی لینی چاہیے۔ اس وقت قوم کو بھی قیام امن کی ضرورت ہے۔ ملک کی سلامتی کے لیے خاص طور پر مذہبی قوتوں کو محرم الحرام میں اپنا اہم کردا ر ادا کرنا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top