سانحہ کراچی دہشت گردوں کا ملک کی سلامتی اور استحکام پر حملہ ہے : فاطمہ مشہدی

حکومت سانحہ کراچی میں معذور ہونے والے افراد کے لیے زندگی گزارنے کے لیے خصوصی انتظامات کرے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام سانحہ کراچی کے حوالے سے ’’تعزیتی ریفرنس‘‘سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی نے کہا کہ پاکستانی عوام سے آگ اور خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ سیاستدان تماشائی نہ بنیں بلکہ اپنے سیاسی خول سے باہر نکل کر عوام و ملک کی سلامتی کے لیے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل کا آغاز کریں۔ جس کا نقطہ آغاز اور اختتام صرف عوام و ملک کی سلامتی اور استحکام ہو۔ سانحہ کراچی دہشت گردوں کا ملک کی سلامتی اور استحکام پر حملہ ہے۔ معصوم بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر حملہ انتہائی خطرناک ہے۔ جلاؤ، گھیراؤ، لوٹ مار اور تاجروں کا نقصان بہت بڑ ا المیہ ہے۔ حکومت کو غیر جانبداری سے تحقیق کرنی چاہیے تاکہ اصل مجرم بے نقاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ بہادری سے دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ کراچی کے حوالے سے منعقدہ ’’تعزیتی ریفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فاطمہ مشہدی نے کہا کہ سانحہ کراچی میں ہزاروں گھروں کو بے یار و مددگار بنا دیاگیا یہ کونسی انسانیت ہے۔ دہشت گرد جانوروں سے بھی بدترہیں۔ ان کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں یہ انسانیت کے نام پر بدترین دھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومت مل کر سانحہ کراچی سے متاثر ہونے والوں کی مدد اورمعاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سانحہ کراچی میں معذور ہونے والے افراد کے لیے زندگی گزارنے کے لیے خصوصی انتظامات کرے۔ ملک کا ہر فرد سانحہ کراچی میں متاثر ہونے والوں کے درد کو محسوس کر رہا ہے۔ ہمیں عملی معاونت کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے لیے مغفرت اور اعلی درجات، زخمیوں کی صحت یابی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب سے مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، عائشہ شبیر، انیلہ ڈوگر، طاہر فردوس، زرین لطیف، عائشہ شفیق، آصفہ عظیم اور ثمینہ سلیم قادری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top