حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی وقت کی پیشانی پر قیامت تک جھومر کی طرح لہراتی رہے گئی : ارشاد طاہر

کراچی میں یوم عاشور کے جلوس پر خودکش دھماکے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے
ارشاد طاہر کا محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ محفل’’یاد حسین علیہ السلام‘‘ سے خطاب

مسلمانوں کی چودہ سو سالہ تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے لیکن جو قربانی 10 محرم الحرام کو فرات کے کنارے دشت کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے پیش کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ دین اسلام کے احیاء کے لیے امام عالی مقام علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں جو قربانی دی وہ وقت کی پیشانی پر قیامت تک جھومر کی طرح لہراتی رہے گی۔ دس محرم کو کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس پر خودکش دھماکے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ دہشت گرد عناصر کا دین و اسلام سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ محفل ’’یاد حسین علیہ السلام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شبیر، حفیظ اللہ جاوید، محمد ریحان و دیگر بھی موجود تھے۔ ارشاد طاہر نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلی۔ اسلام دشمن عناصر سانحہ کراچی کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں یہ بات ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ 17 کروڑ پاکستانی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔ سانحہ کراچی کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جہاں اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کی بھر پور مدد کرنا چاہیے وہاں جن لوگوں اور تاجر برادری کا مالی نقصان ہوا ہے ان سے بھی بھر پور تعاون کرنا چاہیے۔ ارشاد طاہر نے تجویز دی کہ حکومت متاثرہ افراد کی امداد کے ساتھ ساتھ کاروباری حضرات کو بلاسود قرض فراہم کرے تاکہ وہ پھر سے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے قابل ہو سکیں۔ آخر میں سانحہ کراچی میں شہید ہونے والوں کے بلندی و درجا ت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top