منہاج القرآن ویمن لیگ نسلوں تک اسلام کے امن و محبت کا پیغام پہنچانے میں عظیم کردار ادا کر رہی ہے : قراۃ العین فاطمہ

اسلام نے ہی ماں کو معاشرے کا سب سے زیادہ مکرم اور محترم مقام عطا کیا : فاطمہ مشہدی
منہاج القرآن ویمن لیگ کے 22 ویں یوم تاسیس اور ورکرز کنونشن کے موقع پر سمیرا رفاقت، عائشہ شبیر و دیگر کا خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 22 ویں یوم تاسیس اور منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے ورکرز کنونشن کے موقع پر ایک پروقار تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادی قراۃ العین فاطمہ نے کی۔ یوم تاسیس اور ورکرز کنونشن کی تقریب میں ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہد ی، ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، ویمن لیگ لاہور کی صدر عائشہ شبیر، ڈاکٹر نوشابہ، رافعہ علی، فریدہ سجاد، انیلہ ڈوگر اور دیگر مرکزی و صوبائی عہدیدران اور خواتین ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادی قراۃ العین فاطمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان میں استحصال زدہ محکوم طبقات کو زندگی کی حقیقی خوشیاں لوٹانے اور مصطفوی انقلاب کیلئے قربانی اور جدوجہد کے لیے تجدید عہد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں جو تاریخی کردار ادا کیا تھا تکمیل پاکستان اور استحکام پاکستان کی جدوجہد میں بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں ہوں گی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ شیخ لاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں معاشرے میں پائے جانے والے منفی رویوں کی بیخ کنی اور اگلی نسلوں تک اسلام کے امن و محبت کے عظیم پیغام کو پہنچانے میں عظیم کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج القران ویمن لیگ کی جدوجہد کے 22 سا ل قربانیوں کی عظیم تاریخ رقم کیے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر تمام خواتین یہ عہد کریں کہ وہ حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک ایسی ماں، بہن اور بیٹی بنیں گی جو حسینیت کا شعور اگلی نسلوں میں منتقل کر کے عالم اسلام کو عروج و تمکنت دینے کا باعث ہوں گی۔ یوم تاسیس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی نے کہا کہ اسلام میں عورت کے مقام کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ عورت جب ماں کی صورت میں ہوتی ہے تو اس کے قدموں تلے جنت قرار دی جاتی ہے۔ یہ اسلام ہی ہے جس نے ماں کو معاشرے کا سب سے زیادہ مکرم اور محترم مقام عطا کیا۔ اسی طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیٹی کو انتہائی احترام اور عزت عطا کی اور اسے معاشرتی و سماجی سطح پر بلند مقام عطا کیا۔ اسلام نے عورت کو جو حقوق عطا کیے وہ دنیا کے دیگر مذاہب دینے سے قاصر ہیں۔ مسلم عورت پر بھی یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کر کے معاشر ے کو ایسے افراد مہیا کرے جو اسلام کے احیاء اور سر بلندی کے لیے کا م کر سکیں۔ مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت نے کہا کہ اسلام نے روز اول سے ہی عورت کے مذہبی، سماجی، معاشرتی، آئینی، قانونی، سیاسی اور انتظامی کردار کا نہ صرف اعتراف کیا ہے بلکہ اس کے جملہ حقوق کی ضمانت بھی فراہم کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کی عالمگیر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی خواتین کے مصطفوی اور انقلابی کردار کے حامی اور علمبردار ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی صدر عائشہ شبیر نے یوم تاسیس اور ورکرز کنونشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زمانۂ جاہلیت میں اہل عرب بیٹیوں کی پیدائش کو اپنے لئے عار سمجھتے تھے اور انہیں زندہ درگور کر دیا کرتے تھے۔ عورت کو وراثت کے حق سے محروم رکھا جاتا تھا مگر یہ اسلام ہی ہے جس نے زمانۂ جاہلیت کے برعکس عورتوں کو عزت و تکریم بخشی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کوعصمت اور تقدس عطا کیا۔ اسلام کی عطا کردہ تکریم اور عزت کی بدولت ہی حضرت خدیجہ، حضرت عائشہ صدیقہ، حضرت سیدہ فاطمہ اور سیدہ زینب رضوان اللہ علیھن اجمعین کا کردار آج زندہ ہے۔ اسلام نے عورت کورفعت اور بلندیاں عطا کیں۔ آج کی عورت کا بھی فرض ہے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی سر بلندی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے۔ آخر میں قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادی قراۃ العین فاطمہ نے پاکستان اور ملت اسلامیہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top