حسین محی الدین قادری کی مسلم کرسچیئن سٹڈیز سنٹر آکسفورڈ کے ڈائریکٹر سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے دورہ برطانیہ کے دوران 3 جنوری 2009ء کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے ’’مسلم کرسچین سٹڈیز سنٹر‘‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مارٹن وئٹنگھیم (Martin Whittingham) سے ملاقات کی۔ اس ملاقات اور وزٹ کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف حسین محی الدین قادری کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ حسین محی الدین قادری آسٹریلیا کی مقامی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس یونین کے پہلے ایشیائی صدر بھی ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے نائب صدر اشتیاق احمد قادری، ہیٹن کالج لندن کے امام اور آکسفورڈ شائر کے ڈپٹی ڈائریکٹر لارڈ لیفٹینٹ منور حسین اور منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن سے شاہد مرسلین بھی اس وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کہا کہ مذہب روز مرہ زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرنے کا نام ہے اور اگر تمام مذاہب محض انسانیت کے تحفظ کے ایک نقاطی ایجنڈے پر اتحاد کر لیں تو یہی دنیا امن و محبت کی آماجگاہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عالمی طاقتیں مذہب کا سیاسی استعمال کر کے دنیا میں قتل و غارت اور نفرت کو پروان چڑھا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طبقات کو دینی تعلیمات سے متعارف کروانا چاہیئے تاکہ اقوام کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جاسکے اور اس سلسلہ میں میڈیا مرکزی کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حالات جیسے بھی رہے لیکن 62 سالہ تاریخ میں کبھی بھی مذہبی بنیاد پر فساد نہیں ہوا۔ اس کے برعکس دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت میں آئے روز مذہبی و لسانی بنیادوں پر جھگڑے ہوتے رہے ہیں۔ پاکستان میں عیسائی، سکھ اور ہندووں کو بھارت سے بہتر حقوق دیئے جا رہے ہیں۔ حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ منہاج القرآن نے ہمیشہ مذہبی رواداری اور یگانگت کو عملی طور پر فروغ دیا ہے۔ اس کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مرکزی سطح پر مسلم کرسچیئن ڈائیلاگ فورم بھی قائم کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن ملک میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ بن کر کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ہمیشہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر مدعو کیا جاتا ہے۔ کرسمس، دیوالی اور اقلیتوں کے دیگر تہواروں میں منہاج القرآن کے مرکزی قائدین بھی باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں کرسمس کی تقاریب باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہیں جس میں مسلم کرسچیئن اتحاد کی عملی تصویر دیکھنے کو ملتی ہے۔

اس موقع پر مسلم کرسچیئن سٹڈیز سنٹر آکسفورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مارٹن وئٹنگھیم نے کہا کہ ان کا ادارہ مقامی مسلمانوں اور عیسائیوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں کے درمیان ’’عملی پل‘‘ کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ کمیونیٹیز کے درمیان ایک دوسرے کو سمجھنے اور اختلافات کو کم سے کم سطح پر لانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حسین محی الدین قادری کی علمی صلاحیتوں اور منہاج القرآن کے اقلیتوں بارے کیے گئے کام سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ساری دنیا میں مختلف مذاہب کے پیروکار ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھ لیں اور عملی طور پر اس کا مظاہرہ بھی کریں تو دنیا میں جنگ و جدل ختم ہو جائے گا۔

اس ملاقات میں موجود منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات کا بنیادی نقطہ امن و محبت اور برداشت ہے اور اس کو دنیا کے طول و عرض میں پھیلانے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقوام اور مذاہب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے نائب صدر اشتیاق احمد قادری نے اس موقع پر برطانوی سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ساتھ تحریکی روابط اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ہیٹن کالج لندن کے امام اور آکسفورڈ شائر کے ڈپٹی لارڈ لیفٹینٹ منور حسین نے بھی اس موقع پر دونوں تنظیمات کے باہمی تعاون کے جذبہ کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ہمیں باہمی اتفاق و اتحاد سے عوامی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

رپورٹ (آفتاب بیگ) لندن

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top