بگاڑ کی اصلاح کے لیے انفرادی کاوشوں اور توبہ کی بجائے اجتماعی جدوجہد اور توبہ کو اپنانا ہوگا : احمد نوازانجم
وطن سے محبت اور اس کا تحفظ ایمان کی علامت ہے : ڈاکٹر تنویر
اعظم سندھو
نام نہاد مفکرین حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قوم میں مایوسی اور ناامیدی پھیلانے کی
جسارت کر رہے ہیں : فاطمہ مشہدی
تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیر اہتمام تقریب سے مقررین کا خطاب
تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم کہا ہے کہ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی کی فضا میں قوم کے بڑھتے ہوئے اضطراب اور بے چینی سے نجات کے لیے پوری قوم اور خصوصی طور پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کو روزانہ قرآن مجید کی چند سورتوں کی تلاوت، کثرت درود و سلام اور اجتماعی توبہ و دعا کی تلقین کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں نظامت تربیت کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتا ہوا ظلم و ستم دہشت گردی بدامنی، بھوک و افلاس سے نجات کے لیے اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی، امن و سکون اور استحکام کے لیے قوم کو اتحاد و اتفاق، یگانگت، پیار و محبت اور مساوات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بگاڑ کی اصلاح کے لیے انفرادی کاوشوں اور توبہ کی بجائے اجتماعی جدوجہد اور توبہ کو اپنانا ہوگا۔ اجتماعی دعا اور توبہ سے عوام کی اجتماعی غلطیوں کا ازالہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے ماتھے پر بدنام داغ ہے۔ معصوم بچوں کا ضیاع اور چیخیں، خواتین کی تذلیل اور بے حرمتی کے واقعات ہر درد مند پاکستانی کو مضطرب اور پریشان کر رہے ہیں۔ طلبہ و طالبات کے تعلیمی اداروں کا محفوظ نہ ہونا قوم کے مستقبل اور اثاثہ کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم تربیت ڈاکٹر تنویراعظم سندھو نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح اپنے گھروں میں آگ لگتی ہے تو ہم پریشان ہو جاتے ہیں۔ صدقہ، خیرات، توبہ اور دعا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ہمارا وطن عزیز بھی گھر کی مانند ہے۔ وطن سے محبت اور اس کا تحفظ ایمان کی علامت ہے۔ ہم سب کو مل کر اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور اس کے حضور اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی اجتماعی معافی مانگنی چاہیے۔ ہمیں اپنی اپنی سطح پر گھروں، حلقہ جات، مساجد، سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور عوامی مقامات پر عوام کو اجتماعی توبہ کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے اجتماعی توبہ کا اہتمام کریں۔ وظائف کے ساتھ ساتھ اجتماعی توبہ کے بعد اجتماعی دعا میں بدامنی، دہشت گردی کے حالیہ عذاب سے نجات اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فاطمہ مشہدی نے کہا کہ عورت کو اسلام نے بڑا اعلی مقام عطا کیا ہے اور اس کی ذمہ داری بھی بڑی اہم ہے۔ خواتین عزم اور حوصلے سے موجودہ نامساعد حالات کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اولاد کی بہادری اور جرات کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ نام نہاد مفکرین حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قوم میں مایوسی اور ناامیدی پھیلانے کی جسارت کر رہے ہیں۔ خواتین اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے عمل و کردار سے ان کا منہ توڑ جواب دیں۔ ہماری تاریخ شاہد ہے کہ خواتین نے ہمیشہ نامساعد، دردناک اور کربناک حالات میں اپنی قوم و ملک کے لیے جرات اور قربانیوں کی داستان رقم کی ہے۔
تبصرہ