منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کا 17 واں یوم تاسیس

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کا 17 واں یوم تاسیس 31 دسمبر 2009ء کو منایا گیا۔ 2009ء اور 2010ء کے سنگم پر منہاج القرآن انٹرنیشنل پیرس کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب امیر تحریک اور سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان نے کی۔ یوم تاسیس اور نیوائیر نائٹ کی تقریب میں منہاج القرآن یورپ کی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اٹلی سے منہاج القرآن یورپین کونسل کے صدر سید ارشد شاہ، منہاج القرآن ساوتھ اٹلی کے مرکزی ناظم انجم ظہیر، ساوتھ اٹلی سےمحمد اشرف، ناروے سے منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے صدر اعجاز وڑائچ، منہاج القرآن ناروے کے جنرل سیکریٹری فیض عالم، یونان سے جرنلسٹ کلب یونان کے صدر اور منہاج مصالحاتی کونسل یورپ کے جنرل سیکریٹری سید محمد جمیل، منہاج القرآن یونان کے صدر جاوید اعوان، رابطہ سیکریٹری یونان محمد شفیق، جنرل سیکریٹری درام محمد یونس، منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے صدر سید مقصود شاہ، جنرل سیکریٹری منہاج القرآن ایمسٹر ڈیم محمد زمان، جنرل سیکریٹری منہاج القرآن فرینکفرٹ محمد نذیر اور ہالینڈ سے منہاج یورپین کونسل کے جوائنٹ سیکریٹری تسنیم صادق معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

یوم تاسیس کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس کے بعد امیر منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری نے یورپ بھر سے آنے والے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شرکاء کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے اظہار خیال کرتے ہوے کہا منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں معاشرے میں پائے جانے والے منفی رویوں کو ختم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ساری یورپی دنیا نیوائیر نائٹ کو روایتی انداز میں منا رہی ہے جبکہ منہاج القرآن کے اس مرکز پر ایک پروقار اور بامقصد تقریب منعقد ہے۔ جس میں شریک حاضرین نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ اسلام کے امن و آشتی بھرے پیغام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اسلام کے امن و اخوت پر مشتمل عظیم پیغام کو اگلی نسلوں تک پہنچانا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل استحکام پاکستان کے لیے بارود والوں کی جگہ درود والے نوجوانوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ فساد والوں کی جگہ اتحاد والوں کے کردار کی تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دہشت گرد نہیں بلکہ امن کے پیامبر چاہتی ہے۔ بارود والے نظریہ یذدیت کے پیروکار ہیں جبکہ منہاج القرآن والے نظریہ حسینیت کے علم بردار ہیں۔

پروگرام میں سال نو 2010، کااستقبال منہاج القرآن فرانس کے مرکز پر صلوۃ التسبح سے کیا گیا۔ جس وقت سارا یورپ بگل بجا اور اپنےدھن میں مست ہو کر نئے سال کو شراب و کباب سے خوش آمدید کہہ رہا تھا تو منہاج القرآن نے صلوۃ التسبیح کے ذریعے اسلام کے پیغام امن کو عام کیا۔ دوسری جانب جب انگلستان میں سال نوء کا گھنٹہ بجا تو منہاج القرآن فرانس میں شرکاء محفل شہدا، کربلا کے صدقے استحکام پاکستان کی دعا میں مصروف تھے۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کے لیے انتظامیہ کی طرف سے ڈنر کا خصوصی اہتمام کیا گیاتھا۔

رپورٹ : راؤ خلیل احمد۔ پیرس

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top