آٹا، چینی، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور عدم دستیابی عوام کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر رہے ہیں : بلال مصطفوی

معاشرے میں خواتین اور بچوں پر تشدد بیمار معاشرے کی علامت ہے
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی کی کوئٹہ سے آئے ہوئے طلبہ کے وفد سے ملاقات

ملک میں استحکام، سلامتی اور امن کے لیے قومی یکجہتی اور اخوت کی اشد ضرورت ہے سیاستدانوں کی آپس کی محاذ آرائی ملک کو کمزور کر رہی ہے اور عوام کے بنیادی حقوق نظر انداز ہو رہے ہیں۔ غربت اور ہوشرباء مہنگائی سے بھی جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان مسائلستان بنتا جا رہا ہے حکومت زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔ ان باتوں کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے کوئٹہ سے آئے ہوئے طلبہ کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی سازشوں کا شکار ہے۔ ہمیں اتحاد اور اتفاق کی راہوں پر چلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہو رہے ہیں اور پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے ملکی معیشت تباہ ہوتی جا رہی ہے۔ آٹا، چینی، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور عدم دستیابی عوام کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ برقرار رکھنے اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ حکومت کی طرف سے عوام کو مایوس کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین اور بچوں پر تشدد بیمار معاشرے کی علامت ہے ایسے واقعات کے سدباب کے لیے سخت کاروائی ہونی چاہیے تاکہ ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا وقار اور مقام برقرار رہنے سے عدل قائم ہوگا اگر معاشرے میں عدل قائم ہو جائے تو ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، جہالت، مہنگائی اور مذہبی انتہاپسندی سے بھی دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کو ان ساری کارروائیوں پر کڑی نظررکھنا ہوگی اور قلع قمع کرنا ہوگا جن کے سرانجام پانے سے دہشت گردی کی راہیں استوار ہوتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top