منہاج القرآن ویمن لیگ کی عیدالاضحٰی 2009ء کی سرگرمیاں

(رپورٹ: مریم حفیظ)

منہاج القرآن ویمن لیگ جہاں دیگر شعبوں میں اپنا بھرپور کردار سرانجام دیتی ہے وہاں دیگر کئی سالوں سے عیدالاضحٰی کے موقع پر نادار اور بے سہارا بچوں اور خواتین کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کرتی ہے۔ امسال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے منہاج القرآن ویمن لیگ نے عید کے پہلے روز تین بڑی NGO's "دارالامان"، "دارالشفقت" اور "سوشل ویلفیئر کمپلیکس" میں کھانے کی تقسیم کی۔

عید کے اس پرمسرت موقع پر "دارالامان" میں باقاعدہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں بے سہارا خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے "دارالامان" کے ہال کو نہایت خوبصورتی سے سجایا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت اور درود و سلام سے کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی نے کہا کہ غریب، نادار، بے سہارا، لاوارث اور مستحق خواتین کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہونا حقیقی عید ہے۔ انسانیت کی فلاح، خدمت اور احساس عبادتوں کی روح ہے۔ مخیر افراد کو عید کی خوشیوں میں غریبوں کو ضرور شریک کرنا چاہئے تاکہ وہ عید کے پر مسرت موقع پر اپنے غموں کو بھلا کر حقیقی خوشیاں حاصل کرسکیں۔

بعد ازاں خواتین اور بچوں میں کھیلوں کے مقابلے کروائے گئے جن میں میوزیکل چیئر، رسہ کشی، چوڑیاں پہننے کا مقابلہ، کیلے کھانے کا مقابلہ اور غبارے پھاڑنے کا مقابلہ وغیرہ شامل تھے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں نے نہایت خوشی کا اظہار کیا۔ اس خوشیوں بھرے موقع پر "آغوش" کے بچے بھی ویمن لیگ کے ہمراہ تھے، جیتنے والے بچوں اور خواتین میں گفٹس تقسیم کیے گئے اور دارالامان کے اونر اور سٹاف ممبران کو تحریکی لٹریچر، گفٹس اور کپڑے بطور تحفہ دیئے گئے۔

پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات سے کیا گیا۔ بعد ازاں تمام مہمانان گرامی، خواتین اور بچوں کو کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ شام 5 بجے "دارالشفقت" میں بچوں اور سٹاف میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ "آغوش" کے بچوں نے فرداً فرداً تمام افراد کو عید کی مبارکباد دی۔

اسی شام سوشل ویلفیئر کمپلیکس کا بھی وزٹ کیا گیا۔ اس کمپلیکس میں مختلف شعبہ جات قائم کئے گئے ہیں۔ جن میں سے ’’نشیمن‘‘، ’’چمن‘‘، ’’عافیت‘‘ اور ’’دارالفلاح‘‘ میں بے سہارا خواتین، ذہنی معذور بچوں اور ضعیف افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ بعد ازاں جناح ہسپتال میں بھی مریضوں کے لئے کھانا بھجوایا گیا۔

پوری مہم کے دوران تمام ممبران نے فرداً فرداً ہر ایک فرد کے پاس جاکر ان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی اور اپنے پرخلوص جذبات کے ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعارف کروایا۔ زندگی سے مایوس، بے سہارا اور بے گھر خواتین نے اس موقع پر بہت خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس ہمدردانہ رویے کو بہت سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔

اولڈ ہوم میں بہت سے بوڑھے والدین نے ہمیں ایسے خوش آمدید کہا کہ جیسے برسوں بعد کوئی ان کا بچھڑا ان سے آ ملا ہو۔ معاشرے میں پھیلتی بے حسی کا ایک بہت بڑا ثبوت ان اولڈ ہومز سے ملتا ہے کہ وہ والدین جو اپنے بچوں کے لئے جان کی بازی لگا دیتے ہیں اور جب والدین کی خواہشات پوری ہونے لگتی ہیں تو اس وقت نوجوان نسل اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے اپنے والدین کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ اس سرگرمی میں بہت سے لوگوں نے تعاون کیا۔ جن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے افتخار شاہ بخاری اور حافظ عبدالرحمن صدیقی شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top