منہاج القرآن ویمن لیگ کا 22 واں یوم تاسیس اور ورکرز کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ کا 22 واں یوم تاسیس اور ورکرز کنونشن لاہور مورخہ 5 جنوری 2010ء مرکزی سیکرٹریٹ صفہ ہال میں دختر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری محترمہ قرۃ العین فاطمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس میں سینئر تحریکی خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نقابت کے فرائض صدر ویمن لیگ لاہور عائشہ شبیر نے سرانجام دیئے۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار عورت کا ہوتا ہے۔ اسی اہمیت کے پیش نظر 1988ء میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی گئی اور انہی مقاصد کے حصول کے لئے ویمن لیگ اپنے قائد کی سنگت میں اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔

ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سمیرا رفاقت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے روز اول سے ہی عورت کے مذہبی، سماجی، معاشرتی، آئینی، قانونی، سیاسی اور انتظامی حقوق کی ضمانت فراہم کی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے 22 ویں یوم تاسیس پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ خواتین کا کردار مؤثر بنانے کے لئے ہمیں اپنی کوشش جاری رکھنی ہوں گی۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ تمام ورکرز اور منہاج القرآن ویمن لیگ کو 22 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی مبارکباد دی اور فرمایا کہ جو خواتین گھروں سے نکل کر مشن مصطفوی کی خدمت میں مصروف رہتی ہیں ان کی یہ کاوشیں جہاد کا درجہ رکھتی ہیں اور یہ اللہ پاک کا فضل اور خاص عنایت ہے کہ اس ذات پاک نے اپنے دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائی ہے اور دعائیہ کلمات میں فرمایا کہ اللہ پاک آپ کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور مشن پر اسی طرح استقامت نصیب فرمائے۔

ورکرز کے جذبوں اور ولولوں کو تازہ کرنے کے لئے بچیوں نے ترانہ پیش کیا۔ دختر قائد محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے ویمن لیگ کے یوم تاسیس کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور تمام ورکرز کو مبارکباد پیش کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمارے درمیان اللہ پاک کا تحفہ اور انعام ہیں۔ ہم کسی بھی صورت میں اس نعمت کا شکر ادا نہیں کرسکتے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں معاشرے میں پائے جانے والے منفی رویوں کا خاتمہ اور اگلی نسلوں تک اسلام کے امن و محبت کے عظیم پیغام کو پہنچانے میں عظیم کردار ادا کررہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جدوجہد کے 22 سال قربانیوں کی عظیم تاریخ رقم کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام خواتین یہ عہد کریں کہ وہ سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیھا اور سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک ایسی ماں، بہن اور بیٹی بنیں گی جو حسینیت کا شعور اگلی نسلوں میں منتقل کرکے عالم اسلام کو عروج و تمکنت دینے کا باعث ہوں گی۔

محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے لاہور کے ٹاؤنز واہگہ ٹاؤن، سمن آباد، اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن، راوی ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن کی ناظمات کو نمایاں کارکردگی پر شیلڈز دیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جانب سے محترمہ قرۃ العین فاطمہ کی خدمت میں شیلڈ پیش کی گئی۔ مزید منہاج القرآن ویمن لیگ نے لاہور تنظیم کی نمایاں کارکردگی پر شیلڈ پیش کی۔

بعد ازاں تمام کارکنان نے کھڑے ہوکر تجدید عہد وفا کیا اور فاطمہ مشہدی نے تمام کارکنان سے حلف لیا۔ بے شک میری نماز اور میرا حج اور قربانی سمیت (سب بندگی) اور میری زندگی اور میری موت اللہ کے لئے ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے۔ پروگرام کا اختتام مسکین فیض الرحمن خان درانی امیر تحریک کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top