منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں میلاد عیسیٰ (ع) اور یوم قائداعظم کی مشترکہ تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیراہتمام 24 دسمبر 2009ء کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہونے والی تقریب میں مقامی مسلمان کمیونٹی کے ساتھ پاکستانی مسیحی کمیونٹی اور کرسچین رہنماؤں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسیحی رہنماؤں میں پاسٹر جہانگیر، بابر اختر مسیح، جاوید گل مسیح شامل تھے۔ بارسلونا کی پاکستانی تنظیمات میں سے پاکستان فیڈریشن کے صدر راجہ شعیب ستی، پاکستان پریس کلب کے چیئرمین حافظ عبد الرزاق صادق، پاکستان پریس کلب کے صدر عبد الغفور قریشی، ادارہ ہم وطن کے چیف ایڈیٹر اور ممتاز صحافی جاوید مغل، مسلمان کاتالان ایسوسی ایشن کے صدر چودھری عامر سیال اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ میزبان تنظیم منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی ایگزیکٹو اور یوتھ کے عہدیداران، رفقاء اور وابستگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بارسلونا میں اپنی نوعیت کے اس سے پہلے پروگرام میں منہاج ویمن لیگ سپین کی دعوت پر خواتین بھی موجود تھیں۔

شام 6 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کی سعادت منہاج یوتھ لیگ سپین کے ممبر حافظ محمد عاطف احتشام نے حاصل کی۔ اس کے بعد الحاج قاری عبد الرحمان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ تلاوت و نعت خوانی کے بعد منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت کے سلسلہ میں مسلمانوں کی طرف سے ایسی تقریب بارسلونا میں پہلی دفعہ منعقد ہو رہی ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے سلسلہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے تحت گزشتہ کئی سالوں سے بارسلونا میں موجود دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں اور ان کے رہنماؤں سے مل کر بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام ہو رہا ہے۔

بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں بسنے والی پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے ترجمان جاوید گل نے کہا کہ کرسمس کا دن ہم سب کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، اس دن یسوع مسیح علیہ السلام کا پیغام امن پوری دنیا اور پوری انسانیت کے لیے آیا۔ آج یہاں ایک مثالی کام ہوا ہے کہ تمام مسیحی بھائی اور مسلمان بھائی اکٹھے خوشی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسیحی کمیونٹی کے لیے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہمیں یہاں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس انفرادی نوعیت کے حامل پروگرام کے انعقاد پر منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے یوم قائد کے حوالے سے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان میں بسنے والی تمام کمیونیٹیز کو اکٹھے ہو کر اس کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے کیونکہ اگر پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور اگر پاکستان نہیں تو ہم کچھ نہیں۔

مسیحی کمیونٹی کی طرف سے بابر اختر نے انجیل مقدس سے جناب عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کے بارے میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ رب ذوالجلال نے حضرت جبرئیل علیہ السلام کے ذریعے جناب عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا پیغام اس دور کے غریب، مسکین اور چرواہوں کو دیا۔

پاک فیڈریشن سپین کے صدر راجہ شعیب ستی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں منہاج القرآن بارسلونا کا بے حد مشکور ہوں، جنہوں نے سب دوریاں مٹا دیں اور ہم سب کو ایک ہی چھت کے نیچے لا کھڑا کیا۔ ہمیں آنے والے وقتوں میں اکٹھے مل کر کام کرنا چاہیئے اور اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمارا یہ اتحاد برقرار رہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے صدر علامہ عبدالرشید شریفی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے مسیحی کمیونٹی کو ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مبارک موقع پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے قرآن مجید سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت با سعادت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام نے اپنی صفات خود اپنی زبان سے اس وقت بیان کیں جب وہ ابھی بہت چھوٹی عمر میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بندہ اس وقت تک مسلمان نہیں ہوتا جب تک وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت پر ایمان نہیں لاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب اسی طرح اتفاق اور پیار و محبت سے حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش پر پیغام امن کو عام کرے تو ساری دنیا امن کا گہوارا بن سکتی ہے۔

نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد پروگرام کا دوسرا حصہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولادت کے موضوع پر ہوا۔ پاکستان پریس کلب کے صدر عبدالغفور قریشی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک عظیم سیاسی رہنما اور مسلم لیڈر تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ کریم ہمیں اپنے عظیم قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق اور آپس میں اتحاد و اتفاق کی دولت عطا فرمائے۔

تقریب کے آخری مقرر اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے نائب خطیب علامہ محمد عرفان رضا نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے جب پاکستان بنایا تو اس وقت فرمایا کہ قوانین بنانے کی اور اتنی محنت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارے پاس قرآن کی صورت میں پہلے سے ہی قوانین موجود ہیں۔ صرف ان کو لاگو کرنا اور اس پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قائد اعظم وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھتے تھے اور سب کو وقت کی قدر کی تلقین کرتے تھے۔ وہ اپنے خطابات میں اسلام اور مسلمانوں کا تشخص اجاگر کیا کرتے تھے اور آج ایسے نظریات پر عمل کر کے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔

پووگرام کے کمپیئر منہاج مصا لحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری تھے۔ انہوں نے آخر میں تمام شرکاء کا ایک مرتبہ پھر شکریہ اداء کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ علامہ عبد الرشید نے پاکستان اور پوری دنیا میں قیام امن کے لیے دعا کرائی، جس کے بعد پروگرام کے تمام شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top