مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام کشمیر ڈے سیمینار

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام 4 فروری 2010ء کو یوم کشمیر کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی سیمینار "Solution of Kashmir Dispute" منعقد ہوا۔ اس کی صدارت ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری امجد حسین نے کی جبکہ منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین القادری مہمان خصوصی تھے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈوکیٹ، ایم ایس ایم اور متحدہ طلبہ محاذ کے سابق صدر محمد لطیف مدنی، نائب صدر موومنٹ حافظ تجمل حسین، سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ساجد گوندل بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ سیمینار میں ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ان میں صدر پی ایس ایف (PSF) راحیل شاہ، صدر جمعیت طلبہ اسلام غازی الدین، صدر (ISO) لاہور ڈویژن سید حسن کاظمی، صدر (ISF پنجاب) احمد معاذ، نائب صدر (ASF) حافظ عثمان، اسلامی تحریک طلبہ کے صدر غلام عباس، اے ٹی آئی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری منیر چودھری، قائداعظم لاء کالج سے حامد شاہ، علامہ اقبال میڈیکل سے عبدالباسط اور وٹرنری یونیورسٹی سے رانا عدنان شامل تھے۔ سیمینار کا آغاز محمد عثمان نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ حافظ محمد طاہر لطیف (A.I.M.C) نے نعت مبارکہ پیش کی۔

منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے یوم کشمیر منا کر ان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں اس دن کے نسبت سے ہونے والے سیمینارز، کانفرنسز، ریلیاں اور ورکشاپس عالمی برادری کو پیغام دیتی ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق ابھی تک نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومتوں کی پالیسیاں عوام کے جذبات کی نمائندہ کبھی نہیں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کو بندوقیں اٹھانے کی بجائے سائنس و تکنیکی علوم میں دسترس حاصل کرکے اس مملکت خدا داد کو سنوارنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا بلکہ اس کے حل کے لیے ہمیں وطن عزیز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اس کمال پر پہنچانا ہوگا، جہاں ہر کوئی ہماری بات سنے اور اسے اہمیت دے۔ آج دنیا میں گھمبیر سے گھمبیر مسائل کا حل بھی مذاکرات ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی بھارت کا پرخلوص ہونا شرط ہے۔ جب تک بھارت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہوتا، اسوقت تک مسئلہ کشمیر مسئلہ ہی رہے گا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر چودھری امجد حسین جٹ نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے مابین روابط اور مستقل پرامن تعلقات کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے لیکن بھارت کی جانب سے کبھی اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدگی نظر نہیں آئی۔ وہ ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے جبکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مسئلہ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں، اسے حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان آج اسے عالمی سطح پر بھر پور طریقے سے اٹھائے اور اس کے ساتھ ساتھ بھارت پر یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے پر زور ڈالے۔

پی ایس ایف (PSF) کے صدر راحیل شاہ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے۔ جس کو حل کیے بغیر دونوں ممالک معاشی ترقی نہیں کر سکتے۔ آج ہم اس سیمینار کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی قرار داد پیش کرتے ہیں۔ سیمینار میں مرکزی صدر جمعیت طلبہ اسلام غازی الدین بابر، آئی ایس او کے صدر سید حسن کاظمی اور دیگر مقررین نے مشترکہ طور پر کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بہت وقت ضائع کر دیا۔ اب کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے زمینی حقائق اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو پاکستانی حکمرانوں نے حل کرنے کے لیے کبھی سنجیدہ کاوش نہیں کی، اس لیے موجودہ حکومت آج اپنی خارجہ پالیسی کا دھارا تبدیل کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرا سکتی ہے۔

ایم ایس ایم کے سیکرٹری جنرل ساجد ندیم گوندل نے منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر حسین محی الدین قادری کی خدمات کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حسین محی الدین القادری کی عالمی معیشت اور مسائل کے مختلف موضوعات پر 9 کتب شائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کو حسین محی الدین القادری کی قیادت اور شخصیت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت کا مکمل عکس نظر آتا ہے۔ اس موقع پر سیمینار میں شریک مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ نے حسین محی الدین قادری کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں امت مسلمہ اور پاکستان کا اثاثہ قرار دیا۔

اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی کیبنٹ کے ممبران عبدالغفار مصطفوی، محمد عابد طاہری، حافظ شکیل احمد طاہر کے علاوہ، حافظ رمضان نیازی صدر موومنٹ لاہور، عاصم رشید نائب صدر لاہور، معظم حبیب صدر موومنٹ پنجاب یونیورسٹی، محمد عظیم صدر موومنٹ قائد اعظم لاء کالج، فیصل اشرف صدر موومنٹ منہاج یونیورسٹی اور محمد یاسر قادری بھی موجود تھے۔ آخر میں پیر خلیل الرحمنٰ چشتی نے کشمیر اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top